تھر کوئلہ ذخائر کو بروئے کار لانے سے ملکی توانائی کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی،تھر کول فیلڈ میں کوئلہ کا دنیا کا ساتواں بڑا ذخیرہ ہے، بلاک ٹو سے 2025ء تک 5 ہزار میگاواٹ بجلی آئندہ 50 سالوں تک پیدا کی جا سکتی ہے، ہارون عمران گل

اتوار 19 مئی 2019 12:40

لاہور۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ہارون عمران گل نے کہا ہے کہ سندھ میں تھر کوئلہ ذخائرکو بروئے کار لانے سے ملکی توانائی کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی، وفاقی حکومت قومی مفاد کے حامل تھر منصوبہ کو کامیاب بنانے میں ہر ممکنہ مدد فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

تھر کول فیلڈ میں کوئلہ کا دنیا کا ساتواں بڑا ذخیرہ پایا جاتا ہے جو کہ ایک اندازے کے مطابق آئندہ 200 سالوں کیلئے ایک لاکھ میگا واٹ بجلی بنانے کے کام آ سکتا ہے، تھر میں کوئلہ کے 175 ارب ٹن ذخائر 50 ارب ٹن تیل اور 2 ہزار ٹریلین کیوسک فٹ گیس کے برابر توانائی کے حامل ہیں۔

تھرکول بلاک ٹو کو بروئے کار لانے کے پہلے مرحلہ پر کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں کام جاری ہے۔ ان مختلف مراحل میں تھر کوئلہ کو استعمال کرتے ہوئے بجلی کے کارخانے لگائے جا رہے ہیں تاکہ ملک میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے موجود کوئلے کو بروئے کارلایا جائے۔ بلاک ٹو سے 2025ء تک 5 ہزار میگاواٹ بجلی آئندہ 50 سالوں تک پیدا کی جا سکتی ہے۔ تھر کوئلہ ملک کا ایک اہم اثاثہ ہے جس کو ماضی میں نظر انداز کیا جاتا رہا۔