سپریم کورٹ نے تمام نجی میڈیکل کالجز کی تعداد ان سے منسلک ہسپتالوں اور ہائوس جاب کرنے والوں کی تفصیلات طلب کرلیں

پیر 20 مئی 2019 13:47

سپریم کورٹ نے تمام نجی میڈیکل کالجز کی تعداد ان سے منسلک ہسپتالوں اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے تمام نجی میڈیکل کالجز کی تعداد ان سے منسلک ہسپتالوں اور ہائوس جاب کرنے والوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے پی ایم ڈی سی کو نوٹس جاری کر دیا۔ سپریم کورٹ میں نجی ڈینٹل کالج ہائوس جاب کے دوران فیس وصولی کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

دور ان سماعت جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ نجی کالج کے کا اپنا 500 بستروں کا ہسپتال ہونا لازمی ہے جہاں ڈاکٹرز ہاؤس جاب کر سکیں ۔انہوںنے کہاکہ ہسپتال کے بغیرنہ کالج تسلیم ہوتا ہے نا ڈگری ۔جسٹس اعجازالااحسن نے کہاکہ ہائوس جاب کے دوران ڈاکٹر کو وظیفہ دیا جاتا ہے۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ آپ وظیفہ دینے کے بجائے الٹا ہائوس جاب ٹریننگ کی فیس مانگ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ نجی کالج طلباء کا استحصال کرتے ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ پرائیویٹ کالج کی سالانہ فیس تقریباً نو لاکھ روپے ہے،پھر بھی آپ طلباء کو ہاؤس جاب نہیں دیتے۔ عدالت نے تمام نجی میڈیکل کالجز کی تعداد ان سے منسلک ہسپتالوں اور ہائوس جاب کرنے والوں کی تفصیلات طلب کر لیںاور عدالت نے پی ایم ڈی سی کو نوٹس جاری کر دیا۔ بعد ازاں سماعت دو ہفتے تک کے لئے ملتوی کر دی گئی