زیادہ کرائے لینے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ڈپٹی کمشنر شہید بے نظیر آباد

پیر 20 مئی 2019 16:50

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد ابرار احمد جعفر نے ضلع بھر کے تمام ٹرانسپورٹرز کو ہدایات کرتے ہوئے کہاہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کرایوں پر عمل کیا جائے بصورت دیگر زیادہ کرائے لینے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی یہ بات انہوں آج دربارہال میں حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کرایوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور ضلع میں پبلک ٹرانسپورٹ سے سی این جی سلنڈر ہٹانے کے لئے ٹرانسپورٹرز اور محکمہ ٹرانسپورٹ، پولیس و دیگر محکموں افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی شہیدبینظیرآباد کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے مقرر کرایوں پر عملدرآمد کرایا جائے بلخصوص عیدالفطر کے موقع پر اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی چیکنگ کی جائے زیاد ہ کرائے لینے والے ٹرانسپورٹر کی روٹ پرمنٹ منسوخ کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام ٹرانسپورٹرز کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ میں سے ایک ہفتے کے اندر سی این جی سلنڈر ہٹائے جائیں بصورت دیگر انتظامیاں کی جانب سے سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے اور جو بھی ٹرانسپورٹر خلاف ورزی کریگا اس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کی کسی کو بھی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اس لئے ٹرانسپورٹر حضرات رضاکارانہ طور پر اپنی گاڑیوں میں سے سی این جی سلنڈر فوری طور پر ہٹائیں،انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر سندھ حکومت کی جانب سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ میں سی این جی کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے اس پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا اور کسی بھی ٹرانسپورٹر کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ اس کی خلاف ورزی کرے۔

انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسر کومزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹرز کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں سے گئس سلینڈر فوری طور پر ہٹالیں۔ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک پولیس افسر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں تیز چلنے والی گاڑیوں کے خلاف فوری کاروائی کریں۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی شہیدبینظیرآباد سعود الرحمان جمالی، مختلف شہروں کیٹرانسپورٹرز سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔