ڈونلڈ ٹرمپ کے موقف میں تیزی کے ساتھ تبدیلی کے باعث امریکا کے ساتھ تعلقات بارے پیشگوئی کرنا مشکل ہے، روس

منگل 21 مئی 2019 11:00

ماسکو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) روس نے کہا ہے کہ بہت سے مسائل بارے امریکی حکومت کا موقف تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے جس کی وجہ دونوںکے تعلقات کے مستقبل کے بارے میں کوئی پیش گوئی کرنا بہت مشکل ہے۔

(جاری ہے)

روسی صدر کے دفتر کے ترجمان پسکوف نے ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں کہا کہ باوجود اس کے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پیوٹن سے ملاقات کے لئے بارہا اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے لیکن امریکی وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ سوچی مذاکرات میں دونوں ملکوں کے رہنماؤں کی ممکنہ ملاقات کے بارے میں کوئی واضح تجویز نہیں دی ہے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے بھی اس پروگرام میں کہا کہ روس امریکاکو قومی مفادات کے منافی کوئی بھی رعایت نہیں دے گا۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ سوچی میں اپنے حالیہ مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ تمام ملکوں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے دوسرے فریق کی بات بھی سننی چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم مذاکرات میں نرمی سے اور ادب و احترام کے ساتھ بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم اپنے قومی مفادات کے منافی کوئی رعایت ان کو دے دیں گے۔