پاکستان اور یو اے ای کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کی بے پناہ مواقع ہیں، صادق سنجرانی

دونوں ممالک خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے موجودہ وسائل کو موثر استعمال میں لا کر بہتری لا سکتے ہیں، چیئرمین سینیٹ کی عرب امارات کے سفیر سفیر حماد عبید ابراہیم صالم الاصابی سے گفتگو

منگل 21 مئی 2019 22:23

پاکستان اور یو اے ای کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کی بے پناہ مواقع ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کی بے پناہ استعداد موجود ہے۔ دونوں ممالک خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے موجودہ وسائل کو موثر استعمال میں لا کر بہتری لا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم صالم الاصابی سے پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی و بین الاقوامی سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے عرب امارات کی فیڈرل نیشنل کونسل کے سپیکر کی طرف سے چیئرمین سینیٹ کو عرب امارات کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تاریخی و ثقافتی قدریں مشترک ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد متحدہ عرب امارات کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

متحدہ عرب امارات کو پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال سے فائدہ اٹھا کر سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گوادر خطے کی ترقی اور سرمایہ کاری کا بہترین مرکز بن چکا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں جس سے بھر پور مستفید ہو ا جا سکتا ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافے پر زور دیا گیا