مفتی محمد حسان کلیم پاک قطر تکافل گروپ کے چیئرمین شریعہ بورڈ نامزد!

پاک قطر تکافل گروپ کے شریعہ ایڈوائزری بورڈ نے موجودہ شریعہ بورڈ ممبر مفتی محمد حسان کلیم کو نیا چیئرمین نامزد کیا ہے

بدھ 22 مئی 2019 15:15

مفتی محمد حسان کلیم پاک قطر تکافل گروپ کے چیئرمین شریعہ بورڈ نامزد!
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2019ء) پاک قطر تکافل گروپ کے شریعہ ایڈوائزری بورڈ نے موجودہ شریعہ بورڈ ممبر مفتی محمد حسان کلیم کو نیا چیئرمین نامزد کیا ہے۔ پاک قطر تکافل گروپ کو 2007میں اپنے آغاز ہی سے مفتی محمد تقی عثمانی کی سرپرستی بطور چیئرمین شریعہ ایڈوائزری بورڈ کے حاصل رہی ہے ۔مفتی محمد تقی عثمانی نے اپنی تعلیمی مصروفیت اور صحت کے عوارض کی وجہ سے بہت سے مالیاتی اداروں کے ساتھ ساتھ پاک قطر تکافل گروپ کے چیئرمین شریعہ بورڈ سے بھی علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنی جگہ پاک قطر تکافل کے شریعہ بورڈ کے ممبر مفتی محمد حسان کلیم کو شریعہ بورڈ کے چیئرمین کے طورپر نامزد کیا ہے جوکہ پاک قطر تکافل گروپ پر ان کے اعتماد اور بھروسہ کی علامت ہے۔


    مفتی محمد حسان کلیم اسلامک مالیاتی انڈسٹری کی نامور شخصیت ہیں اور دبئی اسلامک بینک پاکستان کے شریعہ بورڈ ممبر اور کنٹری ہیڈ آف شریعہ کے طورپر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مفتی حسان تدریس اور ایڈوائزری کے وسیع تجربہ کے حامل ہیں اور گزشتہ کئی سالوں سے جامعہ دارالعلوم کراچی میں فقہ اور اسلامک اسٹڈیز کے مختلف کورسز پڑھا رہے ہیں۔


     مفتی محمد تقی عثمانی نے واضح کیا ہے کہ میرا تعلق پاک قطر تکافل گروپ سے ہمیشہ برقرار رہے گا اور جب بھی رہنمائی کی ضرورت ہوگی فراہم کرتا رہوں گا۔ میں گروپ کیلئے نیک تمنائیں رکھتا ہوں اور میری خواہش ہے کہ پاک قطر تکافل عوام میں شعور کو فروغ دینے کیلئے تکافل کے مشن کو جاری رکھے۔ مفتی محمد تقی عثمانی تقریباً2دہائیوں سے مختلف اسلامی مالیاتی اداروں کے شریعہ بورڈ ممبر کے طورپر خدمات انجام دے رہے ہیں۔