قومی ادارہ امراض قلب ادویات اور آلات کی کمی کا شکار

ڈاکٹروں نے ادویات سمیت بنیادی ضروریات کی قلت پر انتظامیہ کوتین بار خط لکھے لیکن انتظامیہ سب اچھا ہے کہ موقف پر قائم

بدھ 22 مئی 2019 20:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) قومی ادارہ برائے امراض قلب(این آئی سی وی ڈی)کو ادویات، آلات اور سرجیکل سامان کی شدید کمی کا سامنا ہے۔اسپتال کے اپنے ڈاکٹروں نے ادویات سمیت بنیادی ضروریات کی قلت پر انتظامیہ کوتین بار خط لکھے لیکن انتظامیہ سب اچھا ہے کہ موقف پر قائم ہے۔این آئی سی وی ڈی کے شعبہ پیڈیٹریک کے ڈاکٹر نے اسپتال حکام کو آگاہ کر نے کے لیے خط لکھا جس میں بتایا گیا کہ وارڈ میں ادویات، بیڈ شیٹس، انجکشن موجود نہیں ہیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے بتایا کہ پہلا خط 7مئی، دوسرا خط 13مئی اور تیسرا خط 16مئی کو بھیجا گیا۔واضح رہے اس سے قبل بھی این آئی سی وی ڈی میں مالی بحران شدت اختیار کرنے کی خبریں سامنے آچکی ہیں۔پہلے بھی اس متعلق انتظامیہ کو خط لکھے گئے ہیں جن بتایا گیا کہ اسپتال میں دل کے مریضوں کے لیے ادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور ضروری آلات ناپید ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بھی بتایا گیا کہ فنڈز کی عدم دستیابی سے انتظامی امور بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ذرائع کے مطابق قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے اسپتال کی مالی صورتحال کے متعلق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو بھی باقاعدہ خط لکھا تھا۔خط میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ مالی بحران کے سبب کراچی کے مرکزی اسپتال سمیت آٹھ سیٹلائٹ سینٹرز پر ادویات اور طبی آلات کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ندیم قمر نے لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ کراچی کے لیاری سینٹر، نواب شاہ سینٹر، مھٹی سینٹر اور خیرپور سینٹر کے لیے بھی حکومت نے ابھی تک فنڈز فراہم نہیں کیے ہیں۔