Live Updates

شہباز شریف کا لندن میں قیام طویل ہو گیا، پاکستان میں سیاسی تبدیلی کے لیے لابنگ شروع کر دی

شہباز شریف نے برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈز کے ممبر لارڈز نذیر احمد سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 24 مئی 2019 11:00

شہباز شریف کا لندن میں قیام طویل ہو گیا، پاکستان میں سیاسی تبدیلی کے ..
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 مئی 2019ء) : اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے لندن میں اپنا قیام مزید بڑھا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے لندن میں اپنا قیام مزید بڑھا دیا جس کے بعد پاکستان میں سیاسی تبدیلی لانے کے لیے لابنگ کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں شہباز شریف نے گذشتہ روز برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈز کے ممبر لارڈز نذیراحمد سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔

شہباز شریف اور لارڈز نذیر کی ملاقات میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو سزا، شریف خاندان کے نیب کیسز اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قومی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق معتبر ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے لندن میں سیاسی ملاقاتوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی معاشی پالیسوں کی ناکامی اور عوام میں پائی جانے والی بے چینی جیسے مسائل کو اُجاگر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف آئندہ 3 ہفتوں کے دوران برطاینہ کے مزید با اثر سیاستدانوں سے ملاقاتیں کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف عید الفطر کے بعد وطن واپس لوٹیں گے اور اپنے خلاف نیب کیسز کا سامنا کریں گے ۔ واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف علاج کی غرض سے لندن روانہ ہوئے تھے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل شہباز شریف کی لندن میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کے لیے درخواست جمع کروانے کی خبر بھی سامنے آئی تھی لیکن شہباز شریف اور مسلم لیگ ن نے ان تمام اطلاعات کی تردید کر دی تھی۔

سیاسی تجریہ کاروں کا ماننا ہے کہ شہباز شریف ڈیل کر کے بیرون ملک گئے ہیں۔ چونکہ انہوں نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں نرم رویہ اور بیانیہ اختیار کیا تھا لہٰذا ان کی بآسانی ڈیل ہو گئی اور وہ لندن روانہ ہو گئے جبکہ نواز شریف کو ان کے سخت بیانیے نے دوبارہ جیل پہنچا دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات