فیصل آباد ڈیف ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سماعت سے متاثر مستحق افراد میں رمضان راشن پیکٹس تقسیم

جمعہ 24 مئی 2019 18:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) :ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے متاثرہ سماعت مستحق افراد میں رمضان راشن کے پیکٹس تقسیم کئے جن کا اہتمام فیصل آباد ڈیف ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سے کیا گیا تھا۔اس سلسلے میں ایک تقریب فیصل آباد آرٹس کونسل کے نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ڈی او سپشل ایجوکیشن چوہدری عبدالحمید،عاطف حمید،علی رضا ذوالفقار،ذیشان خالد،محمد عمیر چوہدری،محمد عادل رضا،نبیل اشرف،محمد ارسلان،قاسم علی ودیگر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے متاثرہ سماعت مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کے نیک اور فلاحی قدم کو سراہتے ہوئے اس کار خیر پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مستحقین کی حاجت روائی کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت مالی وسائل جمع کرنا ایک ہمدرد اورفلاحی معاشرے کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے خصوصی افراد کی فلاح وبہبود اور بحالی کے لئے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ مختص کرنے کے علاوہ تعلیم وتربیت اورسماجی سطح پر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم خصوصی افراد کی محرومیاں دور کرنے کے لئے معاشرے کی طرف سے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد میں عزم وہمت پیدا رکھنے اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کے لئے معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مایوس نہ ہوں اور آگے بڑھنے کی جستجو کے ساتھ اپنی صلاحیتوں میں اضافہ اور قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے متاثرہ سماعت افراد کی بھلائی کے لئے فلاحی سرگرمیوں کو مزید منظم بنانے اور انہیں روزگار سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات میں معاونت فراہم کرنے کایقین دلایا اور کہا کہ کسی صلاحیت سے محروم افراد میں اللہ تعالیٰ نے دیگر کئی خصوصیات پنہاں کر رکھی ہیں جن کو اجاگر کرکے خصوصی افراد معاشرے کے فعال اورمفید شہری بن سکتے ہیں۔

اس سے قبل ایسوسی ایشن سے وابستہ محمد قاسم نے بتایا کہ فیصل آباد ڈیف ویلفیئر ایسوسی ایشن کی طرف سے عطیات جمع کرکے متاثرہ سماعت مستحق افراد کی مدد کے لئے خرچ کئے جاتے ہیں۔انہوں نے متاثرہ سماعت افراد کو درپیش بعض مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے حوصلہ افزائی کرنے پر ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر کا شکریہ ادا کیا ۔قبل ازیں ڈی او سپیشل ایجوکیشن چوہدری عبدالحمیدنے خصوصی افراد کی بحالی اورفلاح وبہبود کے اقدامات سے آگاہ کیا اور راشن تقسیم کرنے کے فلاحی کام پر منتظمین کے جذبہ خدمت کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :