اضافی فوج مشرق وسطیٰ روانہ کی جائے گی،ڈونلڈ ٹرمپ

ہفتہ 25 مئی 2019 09:50

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اضافی فوج مشرق وسطیٰ بھیج رہا ہے، تاکہ ممکنہ ایرانی خطرات سے امریکی افواج کو تحفظ دیا جا سکے۔وائس آف امریکاکے سوال کے جواب میں انھوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ان کی استعداد زیادہ تر تحفظ کی فراہمی کی نوعیت کی ہو گی۔قائم مقام وزیر دفاع پیٹ شناہان نے کہا ہے کہ خطے کی اس اضافی فوج میں میزائل کے خدشات سے دفاع کی خاطر ایک پیٹریاٹ بٹالین؛ انٹیلیجنس، نگرانی اور جاسوسی کے لیے ایک مزید طیارہ؛ خطے بھر میں تحفظ کی فراہمی میں بہتری لانے کے لیے انجنیئروں کی تعیناتی اور قوت مزاحمت کے توازن کو بہتر کرنے کے لیے لڑاکا طیاروں کا ایک سکواڈرن شامل ہوگا۔

شناہان نے مزید کہا کہ امریکی سینٹرل کمان کے دائرہ کار میں یہ اضافی تعیناتی دفاع کا ایک دانشمندانہ اقدام ہے، جس کا مقصد مستقبل کی مخاصمانہ کارروائیوں میں کمی لانا ہے۔

(جاری ہے)

پینٹاگان میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے، بحریہ کے ایئر ایڈمرل مائیکل گلدے نے کہا کہ اصل تعیناتی تقریباً 900 اضافی افواج پر مشتمل ہوگی۔انھوں نے کہا کہ صدر اور وزیر دفاع کے بیانات میں جو بات شامل ہے وہ یہ کہ خطے میں مرد اور خواتین پر مشتمل فوج کی تعداد 600 ہے، لیکن اس تعیناتی کے نتیجے میں تحفظ کے اضافی تقاضے پورے ہوں گے۔