سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ میں 3 پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق ہو گئے

جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جاں بحق ہونے والوں میں ماں باپ اور جوان بیٹا شامل

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 25 مئی 2019 12:15

سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ میں  3 پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق ہو گئے
سعودی عرب (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 مئی 2019ء) سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے۔ ٹریفک حادثے میں 3 پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق ہو گئے۔جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں ہونے والے ٹریفک حادثے میں اوکاڑہ کے رہائشی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

اوکاڑہ کے محلہ فرید آباد کے رہائشی افراد عمرے کی ادائیگی کے لیے مکہ سے مدینہ جا رہے تھے کہ راستے میں ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئے۔جاں بحق ہونے والے افراد میں محمد جاوید ،اہلیہ رضیہ اور بیٹا علی شامل ہیں۔ٹریفک حادثے میں ڈرائیور اور ایک اورشخص زخمی ہو گئے جنہیں طبی علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔اسد نامی شخص اور ایک خاتون شدید زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ جاں بحق افراد کی میتیں اور زخمیوں کو جلد از جلد پاکستان لانے کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں۔ یہاں بتاتے چلیں کہ اس وقت عمرہ کی غرض سے لاکھوں پاکستانی سرزمینِ حجاز میں موجود ہیں۔ اس بار عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی معتمرین سرفہرست رہے۔ اس کے بعد انڈونیشیا، بھارت اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والوں کا نمبر آتا ہے۔

اس وقت بھی مدینہ منورہ اور مکّہ مکرمہ میں زائرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔سعودی وزارت حج و عمرہ نے زائرین کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن بھی قائم کر رکھی ہے۔ جہاں مختلف زبانوں کے مترجم بھی موجود ہیں۔ اگر کسی زائر کو کسی بھی حوالے سے کوئی پریشانی لاحق ہو تو وہ ہیلپ لائن پر رابطہ کر کے اپنی پریشانی سے آگاہ کر سکتا ہے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ وہ زائرین کو ہمہ دم سہولت پہچانے کے مذہبی مِشن پر پُوری طرح عمل پیرا ہیں۔