لندن میں شہباز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کا اجلاس میدان جنگ بن گیا

اجلاس کے دوران کارکنوں نے پارٹی کی خاطر احتجاج کرنے سے انکار کردیا، کارکنوں اور رہنماوں کا ایک دوسرے پر لاتوں، مکوں کا آزادانہ استعمال

muhammad ali محمد علی ہفتہ 25 مئی 2019 23:11

لندن میں شہباز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کا اجلاس میدان جنگ بن گیا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2019ء) لندن میں شہباز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کا اجلاس میدان جنگ بن گیا، اجلاس کے دوران کارکنوں نے پارٹی کی خاطر احتجاج کرنے سے انکار کردیا، کارکنوں اور رہنماوں کا ایک دوسرے پر لاتوں، مکوں کا آزادانہ استعمال۔ تفصیلات کے مطابق لندن میں موجودہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ہمراہ پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کا اجلاس بلایا۔

تاہم اجلاس کے دوران ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوگئی۔ اجلاس کے دوران کارکن شہباز شریف اور اسحاق ڈار کے سامنے پھٹ پڑے۔ کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ جب شہباز شریف جیل جا سکتا ہے تو اسحاق ڈار لندن میں چھپ کر کیوں بیٹھا ہے۔ کارکن مشکل وقت میں ہی کیوں یاد آتے ہیں۔

(جاری ہے)

جب اچھا وقت ہوتا ہے تب قیادت کارکنوں کو یاد نہیں کرتی انہیں وقت نہیں دیتی۔

اب مشکل وقت میں کارکن یاد آگئے ہیں۔ اجلاس کے دوران صورتحال اس وقت بگڑ گئی جب ن لیگ کے کچھ رہنماوں اور کارکنوں نے قیادت سے ناراضگی کا اظہار کرنے والے کارکنوں اور رہنماوں پر دھاوا بول دیا۔ اس دوران دونوں گروپوں کی جانب سے ایک دوسرے پر لاتوں، مکوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ جبکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا احترام بھی نہیں کیا گیا اور ایک دوسرے کیلئے غلیظ گالیوں کا استعمال کیا گیا۔ بعد ازاں شہباز شریف اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔ شہباز شریف نے واقعہ کے بعد ن لیگ لندن کی تنظیم کو برطرف کر دیا ہے۔