پی ٹی ایم پر پابندی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

متنازعہ تنظیم کے سربراہ منظور پشتین اور دیگر رہنماوں کے سوشل میڈیا اکاونٹس پر بھی پابندی عائد کرنے کی درخواست

muhammad ali محمد علی اتوار 26 مئی 2019 00:16

پی ٹی ایم پر پابندی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2019ء) ریاستی اداروں کے خلاف ہرزی سرائی پر پی ٹی ایم پر پابندی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ پی ٹی ایم ریاستی اداروں کے خلاف زہر فشانی کرتی ہے ، لہذا پی ٹی ایم رہنماؤں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کا حکم دیا جائے ، پی ٹی ایم رجسٹرڈ سیاسی جماعت نہیں اس لئے پابندی عائد کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق متنازعہ تنظیم پی ٹی ایم کی جانب سے ریاست اور ریاستی اداروں کیخلاف زہر اگلنے کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے۔ اسی باعث باعث پی ٹی ایم کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں خصوصی درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں پی ٹی ایم پر پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ پی ٹی ایم کے رہنماوں کے تمام سوشل میڈیا اکاونٹس پر بھی پابندی عائد کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی ایم اور گلالئی اسماعیل کے خلاف کاتب شنواری کی قیادت میں سول سوسائٹی نے احتجاجی ریلی نکالی۔ جس میں بڑی تعداد میں سول سوسائٹی اور شہری شریک تھے۔مظاہرین نے پاک افواج کے حق اور پی ٹی ایم کے خلاف نعرے لگا کر گلالئی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں نے ہمیشہ مادر وطن کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا ہے۔

افواج پاکستان نے اندروانی اور بیرونی دشمنوں کا سیکیورٹی اداروں اور قوم کے ساتھ ملکر خاتمہ کیاہے اور ملک میں امن قائم کیاہے۔ آج پختونوں کے حقوق کا نام لیکر پی ٹی ایم اور گلائلی اسماعیل ریاست کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔جذباتی نعروں سے پی ٹی ایم کے لوگوں کو دھوکا نہیں دے سکتے۔ انہوں حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریاست اور وطن کے خلاف کام کرنے والے عناصر کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کی جائے اور گلالئی اسماعیل کو گرفتار کیا جائے۔اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء نے افواج پاکستان اور سیکیورٹی کی حق میں شدید نعرہ بازی بھی کی۔