طالبان کے خلاف افغان فورسز کی فائرنگ ،غلطی سے چھ شہری ہلاک

افغان سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں طالبان کے 10 جنگجو بھی ہلاک ہوئے،حکام صوبہ ننگر ہار کی تصدیق

اتوار 26 مئی 2019 12:40

طالبان کے خلاف افغان فورسز کی فائرنگ ،غلطی سے چھ شہری ہلاک
ننگر ہار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2019ء) افغانستان کے صوبے ننگرہار کے حکام نے بتایا ہے کہ طالبان جنگجوؤں کے خلاف آپریشن کے دوران افغان سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2 بچوں اور خواتین سمیت 6 شہری جاں بحق ہو گئے۔ ضلع شرزاد میں افغان سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں طالبان کے 10 جنگجو بھی ہلاک ہوئے۔غیرملکی خبرساں ادارے کے مطابق صوبائی حکام نے تصدیق کی کہ افغان سیکیورٹی اہلکاروں کی غلطی سے شہری جاں بحق ہوئے۔

صوبائی گورنر کے ترجمان عطااللہ نے بتایا کہ ضلع شرزاد میں افغان سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں طالبان کے 10 جنگجو بھی ہلاک ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے فوراً بعد ایک گاڑی کو مذکورہ علاقے سے نکلتے دیکھا تو سیکیورٹی اہلکار سمجھے کہ طالبان جنگجو فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں اور اہلکاروں نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔

(جاری ہے)

صوبائی کونسل کے رکن اجمل عمر نے بتایا کہ متاثرین کے اہلخانہ اور گاؤں والوں نے لاشوں کو صوبائی دارالحکومت جلال آباد میں رکھ کر انصاف کے لیے احتجاج کیا۔

اس سے قبل مارچ میں صوبہ قندوز میں طالبان کے حملے میں 2 امریکی فوجی ہلاک جبکہ امریکی فضائی حملوں میں 4 افغان اہلکاروں کے علاوہ بچوں اور خواتین سمیت 14 شہری ہلاک ہوگئے تھے۔قندوز میں دو امریکیوں کی ہلاکت کے بعد امریکی جنگی طیاروں نے ضلع گل ٹیپا کے مضافات میں ایک گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 8 بچے اور 4 خواتین سمیت 14 پناہ گزین ہلاک ہو گئے تھے۔دوسری جانب افغانستان میں موجود اقوامِ متحدہ کے معاون مشن (یو این اے ایم ای) نے کہا کہ ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں شہریوں کی ہلاکت کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جو باعث تشویش ہے۔