ایرانی جنرل کا دفاعی ٹیکنالوجی یمن، لبنان، فلسطین اور افغانستان کو منتقل کرنے کا دعویٰ

ایران کسی سے خوف زدہ نہیں بلکہ میدان جنگ میں اترنے کے لیے تیار ہے، بریگیڈئیر جنرل حسن سیفی

اتوار 26 مئی 2019 13:20

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2019ء) ایرانی فوج کے ایک سینئر عہدہ دار حسن سیفی نے کہا ہے کہ تہران نے اپنی عسکری ٹیکنالوجی اور عسکری ثقافت یمن، فلسطین کے علاقے غزہ، افغانستان اور لبنان کو منتقل کردی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایران کے آرمی چیف کے نائب بریگیڈئیر جنرل حسن سیفی نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطین، افغانستان، لبنان اور یمن میں ایران کے وفادار عسکری گروپ موجود ہیں۔

یہ عسکری تنظیمیں ایرانی فوجی تجربات اور عسکری ٹیکنالوجی پرانحصار کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

ایران ان تنظیموں کو اپنی طاقت کے مراکز قرار دیتا ہے۔جنرل حسن سیفی نے کہا کہ دشمن کو ایران کی دفاعی اور عسکری صلاحیت کا ادراک ہوجانا چاہیے۔ایران کسی سے خوف زدہ نہیں بلکہ میدان جنگ میں اترنے کے لیے تیار ہے۔ دھمکی آمیز بیانات اور دعوے ہمیں نہیں ڈرا سکتے۔ایک سوال کے جواب میں حسن سیفی نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے امکانات کومسترد کردیا۔ انھوںنے کہا کہ ایرانی فوج کسی بھی صورت حال کا سامنا کرنے کے لیے چوکس ہے۔ اگر امریکا ایران پر حملہ کرتا ہے تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔