Live Updates

وزیراعظم نے او آئی سی اجلاس میں اسلام کا حقیقی تشخص اجاگر کرنے کیلئے نئی راہ عمل متعین کی زین حسین قریشی

پیر 3 جون 2019 22:32

ملتان ۔03جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2019ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے او آئی سی اجلاس میں امت مسلمہ کے جذبات کی صحیح معنوں میں عکاسی کی اور عالم اسلام کی بھر پور نمائندگی کی۔ انہوں نے او آئی سی اجلاس میں اسلام کا حقیقی تشخص اجاگر کرنے کیلئے نئی راہ عمل متعین کی۔ عمران خان جیسے لیڈر صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157کی مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران مختلف وفود سے ملاقاتیں، میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کو مشکل وقت میں حکومت ملی۔ وسائل کے مقابلے میں مسائل زیادہ ہیں۔ جو راتوں رات حل نہیں ہوسکتے۔ ہماری معاشی ٹیم معاشی بحران کے حل کیلئے بھرپور محنت کررہی ہے۔

(جاری ہے)

جس کے مثبت اثرات جلد قوم کے سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا معاشی ترقی کیلئے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا موجودہ معاشی بحران تحریک انصاف کی 9ماہ کی حکومت کی کارکردگی کا نتیجہ نہیں بلکہ سابقہ حکومت کی کرپشن اور بیڈگورننس کی وجہ سے سامنے آیا۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت سخت احتساب پر یقین رکھتی ہے۔ کرپٹ عناصر احتساب سے بچ نہیں سکیں گے۔ انہوں نے کہا اپوزیشن مہنگائی کی آڑ لے کر احتساب سے بچنا چاہتی ہے ۔

اپوزیشن جتنا مرضی شور مچا لے احتساب سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا این اے 157تحریک انصاف کا گڑھ ہے یہاں سے 2018ء کے انتخابات میں بھر پور اکثریت ملی اور یہاں کی عوام نے بھاری مینڈیٹ دیا۔ این اے 157 کی ترقی کیلئے جو کچھ ہوسکا کرونگا۔ بجلی ، صحت ، سڑکوں اور گیس کی فراہمی کیلئے سکیموں کا پلان بنا لیا ہے ۔ جلد ہی این اے 157 کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کردیا جائے گا۔ یہاں کی عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ بعد ازاں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں میں مرحومین کی وفات پر فاتحہ خوانی کیلئے ان کے رہائش گاہوں پر گئے اور مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات