شہزاد اکبر نے فیصل واوڈا کی پراپرٹی ڈکلیئرڈ قرار دے دی

میرے خیال میں فیصل واوڈا کی ڈکلیئرڈ ہے، فیصل واوڈا اور خسرو بختیار کیخلاف شکایات نیب میں تصدیق کے مرحلے پر ہیں۔معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 9 جون 2019 19:17

شہزاد اکبر نے فیصل واوڈا کی پراپرٹی ڈکلیئرڈ قرار دے دی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 جون 2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے فیصل واوڈا کی پراپرٹی ڈکلیئرڈ قرار دے دی۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں فیصل واوڈا کی ڈکلیئرڈ ہے، فیصل واوڈا اور خسرو بختیار کیخلاف شکایات نیب میں تصدیق کے مرحلے پر ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پاکستانیوں کے بیرون ملک 12 ارب ڈالرزکے اثاثوں کا پتا چلا لیا گیا ہے۔

شہبازشریف کے ایک صاحبزادے کو ایک ارب30 کروڑ روپے براہ راست موصول ہوئے مگر وہ جواب دینے سے قاصر ہیں۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کے اثاثے 85 فیصد بڑھے۔ شہزاد اکبر نے ایک سوال’’ کیا فیصل واوڈا کے خلاف کوئی کارروائی کی جارہی ہے؟ ‘‘ کے جواب میں کہا کہ فیصل واوڈا کی جو پراپرٹیز بتائی جا رہی ہیں میرے خیال میں وہ ڈکلیئرڈ ہیں۔

(جاری ہے)

شہزاد اکبر نے کہا کہ فیصل واوڈا اور خسرو بختیار کے خلاف شکایات نیب میں تصدیق کے مرحلے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نےبرطانیہ کے ساتھ ایم اویو پردستخط کیے ہیں۔ پاکستان کی گرے اکنامی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ معاہدے سے پاکستان اوربرطانیہ شہریوں کی بینکنگ معلومات کا تبادلہ کرسکیں گے۔ جن لوگوں نے اثاثے ڈکلیئرڈ نہیں کیے وہ 30 جون تک اپنے اثاثے ڈکلیئرڈ کریں۔

کون لوگ ہیں جوشریف خاندان کولاکھوں ڈالرز کی ٹی ٹیز بھجواتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 26 ممالک سے ڈیڑھ لاکھ افراد اور اکاؤنٹس کا ڈیٹا آیا۔ پچھلے ہفتے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ دونوں ملکوں کے شہریوں کے بارے میں مشکوک بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات میں مدد ملے گی۔ واضح رہے ن لیگی رہنماء عابد شیر نے لندن میں جا کر فیصل واوڈا کی جائیدادوں کا سراغ لگایا تھا۔

انہوں نے ان جائیدادوں کو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا تھا۔ دوسری جانب وزیر اعظم کی معاون خصوصی برا ئے اطلا عات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہبازشریف کماؤ پتر سلمان شہباز سے متعلق بھی وضاحت کریں۔ شہبازشریف کہتے تھے کرپشن ثابت ہو تو سیاست چھوڑ دوں گا، وہ گارنٹی دیں واپس نہیں جائیں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف نے مجبوری میں یہاں عید منائی، ان کی پاکستان میں پہلی عید ہوئی، امید ہے شہباز شریف بھی اگلی عید پاکستان میں کریں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امید ہے شہباز شریف عوام کا چین اور سکون دا پر نہیں لگائیں گے اپوزیشن پارلیمنٹ کوسیاسی اکھاڑہ نہیں بنائے گی لہذا اپوزیشن پارلیمنٹ میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔