راولپنڈی چیمبر کی مارکیٹ سے ڈالر غائب ہونے کی وجہ معلوم کرنے کی اپیل

ہفتہ 15 جون 2019 17:18

راولپنڈی چیمبر کی مارکیٹ سے ڈالر غائب ہونے کی وجہ معلوم کرنے کی اپیل
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے مارکیٹ سے ڈالر غائب ہونے کی وجہ معلوم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیاہے ۔راولپنڈی چیمبر آف کامر س کے صدرملک شاہد سلیم نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ڈالر مارکیٹ سے غائب ہے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک سو ستاون کا ہو گیا ہے، وزارت خزانہ اور سٹیٹ بنک فوری اقدامات کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی سے ادائیگیوں میں عدم تواز ن پیدا ہو گا ، بیرونی قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگیوں میں مزید اضافہ ہو گا جس سے کاروباری لاگت بڑھ جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں صنعت کی ترقی کا دارو مدار خام مال کی دستیابی پر ہے، روپے کی گراوٹ کی وجہ سے خام مال اور مشینری مزید مہنگی ہو جائے گی جس سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہو گا، مقامی صنعت کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ روپے قدر بہتر ہو۔