ضلع سرگودہا سرکاری واجبات کی وصولی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر آگیا

ہفتہ 15 جون 2019 22:10

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جون2019ء)ڈویژن بھر میں ضلع سرگودہا سرکاری واجبات کی وصولی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر آگیاہے جبکہ ضلع بھکر کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے جاری فنڈز کے استعمال میں دوسرے نمبر رہا۔کمشنر سرگودہا ڈویژن ظفر اقبال شیخ نے سرکاری واجبات کی وصولی کے اہداف حاصل کرنے پر ڈپٹی کمشنر سرگودہا سلوت سعید کی انتظامی کوششوں کو سراہااو رڈپٹی کمشنر بھکر کے ترقیاتی امور کی تعریف کی ۔

کمشنر سرگودہا ڈویژن کی زیر صدارت ان کے کانفرنس روم میں منعقد ہونے والے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے جائزہ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں ‘ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ قدیر احمد ‘ ایس ای پبلک ہیلتھ ‘ بلڈنگ ‘ ہائی ویز او رلوکل گورنمنٹ کے افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کمشنر سر گودہا ڈویژن کی ترغیبات اور مانیٹرنگ کے باعث صرف ڈیڑھ ماہ کی قلیل مدت میں ڈویژن بھر کی کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کی 173سکیموں پر جاری فنڈز کا 51 فیصد استعمال ہو چکاہے جبکہ فیزیکلی ان سکیموں پر 27فیصد کام مکمل کر لیاگیا ہے جن پر اب تک 38کروڑ 37 لاکھ روپے خر چ کئے جاچکے ہیں ۔

کمشنر سرگودہا ڈویژن نے رواں مالی سال کے اختتام تک فنڈز کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن کو بتایاگیاکہ ضلع سرگودہا کی پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 34سکیموں پر اب تک پانچ کروڑ سات لاکھ روپے ‘ لوکل گورنمنٹ کی سترہ سکیموں پر چار کروڑ 53 لاکھ روپے ‘ ہائی ویز کی سات سکیموں پر چار کروڑ بیس لاکھ اور بلڈنگ کی ایک سکیم پر دس لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں جبکہ ضلع خوشات کی ہائی ویز کی پانچ سکیموں پر ایک کروڑ 16لاکھ ‘ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی بارہ سکیموں پر دو کروڑ 34لاکھ روپے ‘ ضلع میانوالی کی پبلک ہیلتھ کی 54سکیموں پر سات کروڑ 70 لاکھ ‘ بلڈنگ کی تین سکیموں پر ایک کروڑ 27 لاکھ روپے اورضلع بھکر کی ہائی وے کی22سکیموں پر سات کروڑ 98لاکھ ر وپے جبکہ پبلک ہیلتھ کی 18 سکیموں پر چار کروڑ سے زائد فنڈز خرچ کئے جاچکے ہیں ۔

کمشنر نے چاروں ا ضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ 30جون سے پہلے تمام جاری فنڈز کے استعمال کو یقینی بنائیں او رسکیموں کی پائیداری او رمعیاری میٹریل کے استعمال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں ۔کمیونٹی ڈویلپمنٹ سکیموں پر م*کام کی رفتار کاجائزہ لینے کیلئے آئندہ اجلاس اس مہینے کے اختتام پر منعقد ہوگا ۔