فواد چوہدری کے تھپڑ پر وزیر اعظم کی خاموشی دردناک ہے، صاحبزادہ حامد رضا

حکومت اور اپوزیشن سیاسی انتشار پھیلانے سے گریز کرے،ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان

ہفتہ 15 جون 2019 22:14

فواد چوہدری کے تھپڑ پر وزیر اعظم کی خاموشی دردناک ہے، صاحبزادہ حامد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جون2019ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کے تھپڑ پر وزیر اعظم کی خاموشی دردناک ہے۔ حکومت اور اپوزیشن سیاسی انتشار پھیلانے سے گریز کرے۔ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ عالمی طاقتیں پاکستان کو ناکام ریاست بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

حکومتی جماعت کے کرپٹ افراد سے رعایت اور اپوزیشن راہنماؤں کا احتساب انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ بلا امتیاز احتساب کو یقینی بنایا جائے۔ پوری قوم سخت مایوسی کا شکار ہے۔ ناقص حکومتی کارکردگی کی وجہ سے عوام کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے پچھلی حکومتوں کی غلطیوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنی اتحاد کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ گڈ گورننس کا خواب پورا نہیں ہو سکا۔ تبدیلی کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے۔ نیا پاکستان بنانے کا وعدہ پورا نہیں کیا جا سکا۔ وزیراعظم کی ٹیم انتہائی ناقص اور ناتجربہ کار ہے۔ کرپٹ حکومتی شخصیات کو بھی احتساب کے دائرے میں لایا جائے۔ عالمی طاقتیں پاک فوج اور عوام کا رشتہ کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ پاک فوج پر بے بنیاد الزام تراشی عالمی اور بیرونی ایجنڈا ہے۔ ہر محب وطن پاکستانی پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔ قوم اپنی بہادر افواج کے خلاف کسی عالمی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔