بیوی کوملازمت سے نکلوانے کے لیے ہوائی جہاز ہائی جیک کرنے والے بھارتی کو عمر قید کی سزا

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 15 جون 2019 23:54

بیوی کوملازمت سے نکلوانے کے لیے ہوائی جہاز ہائی جیک کرنے والے  بھارتی ..
ایک بھارتی کاروباری شخص نے اپنی بیوی کو ملازمت سے نکلوانے کے لیے  ایک احمقانہ ڈرامہ کیا اور نتیجے میں عمر بھر کے لیے جیل پہنچ گیا۔ اس  شخص  نے جہاز کو ہائی جیک کرنے کا ڈرامہ کیا تاکہ ائیر لائن بند ہو جائے اور اس کی  ائیر لائن میں ملازم بیوی اس کے ساتھ  زیادہ وقت گزارے ۔
38سالہ برجوسلا ایک دولت مند  جیولر خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔برجو وہ پہلا شخص ہے جسے بھارت کے اینٹی ہائی جیکنگ ایکٹ 2016 کے تحت سزا سنائی گئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ  جہاز کو ہائی جیک کرنا نہیں چاہتاتھا بلکہ چاہتا تھا کہ اس کی بیوی کی ملازمت ختم ہوجائے اور وہ اس کے ساتھ زیادہ وقت گزارے۔برجو نے عدالت کو بتایا کہ  ہائی جیکنگ کا دھمکی آمیز خط پرنٹ کرنے اور اسے جیٹ ائیر ویز کے جہاز کے ٹوائلٹ میں رکھنے  سے ائیر لائن دہلی کا آپریشن بند کر دیتی اور اس کی دوسری بیوی کی ملازمت ختم ہو جاتی ، جس کے بعد اس کی بیوی ممبئی میں  اس کے ساتھ زیادہ وقت گزار پاتی۔

(جاری ہے)

تاہم سب کچھ منصوبے کے مطابق نہیں ہوا۔
برجو سلا کی مشکلات کا آغاز اس وقت ہوا جب  وہ ممبئی سے دہلی  کی پروازوں کے دوران  جیٹ ائیر کی کسٹمر کیئر ایگزیکٹو کی محبت میں گرفتار ہوگیا۔ دونوں نے جولائی 2017 میں چھپ کر شادی کر لی۔ تاہم برجو کی دوسری بیوی شادی سے زیادہ اپنی ملازمت کوترجیح دیتی۔ اسی وجہ سے برجو کی دوسری بیوی نے ممبئی منتقل ہونے سے انکار کر دیا، جس کے بعد برجو نے اپنی بیوی کی ملازمت ختم کرانے کا منصوبہ بنایا۔


وکیل نے عدالت نے بتایا کہ برجو نے اکتوبر 2017 میں اے 4 پیپر پر دھمکی آمیز خط پرنٹ کیا اور اسے جیٹ ائیر ویز کے جہاز کے ٹوائلٹ میں رکھ دیا۔ خط ملنے پر عملے نے پائلٹ کو بتایا،جس نے جہاز کو ہنگامی طور پر احمد آباد ائیرپورٹ پر اتار لیا۔خط کا تجزیہ کرنے سے پولیس کو اندازہ ہوا کہ یہ دھمکی سنجیدہ نہیں ہے۔ یہ خط اردو زبان میں لکھا  گیا تھا لیکن اس میں کئی غلطیاں تھی، صاف معلوم ہوتا تھا کہ اسے گوگل سے ٹرانسلیٹ کیا گیا ہے۔


خط میں لکھا تھا ”پرواز نمبر 9 ڈبلیو 339 ہجاکروں کا احاطہ کرتا ہے اور جہاز کو زمین نہیں ہونا چاہئے اور پی او او کو پھینک دیا جاتا ہے۔ بورڈ پر 12 لوگ۔ اگر آپ لینڈنگ گیئر ڈالتے ہیں تو آپ لوگ مرنے والے شور کی آواز سنیں گے۔ یہ ایک مذاق کے طور پر نہیں لے۔ اگر آپ دہلی میں کارگو کے علاقے میں دھماکہ خیز مواد اور بم دھماکے پر مشتمل ہے۔ اللہ عظیم ہے۔

“ (طیارے کو ہائی جیک کرلیا گیا ہے اس لیے طیارے کو آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد لے چلو اگر ایسا نہیں کیا گیا تو دہلی ایئرپورٹ میں نصب بموں کو دھماکے سے اڑادیا جائے گا۔ اللہ اکبر)۔
پولیس کی تفتیش کے مطابق اس خط کی سیاہی اور برجو کے آفس پرنٹ کی سیاہی ایک ہی تھی۔ اس کے علاوہ برجو کے لیپ ٹاپ میں براؤزر کی کیشے فائل کے تجزیے سے پتا چلا کہ  اس نے انگریز ی پیغام کو گوگل ٹرانسلیٹ سے اردو میں ترجمہ کیا تھا تاکہ یہ مسلمانوں کا کام لگے۔


برجو کے آفس کے سی سی ٹی وی کیمرے  کی فوٹیج میں اسے پرنٹ کیے ہوئے کاغذ  کو دستانے پہن کر پکڑے دکھایا گیا تھا تاکہ کاغذ  پر انگلیوں کے نشان نہ پڑیں۔جہاز میں برجو نے اس کاغذ کو ٹوائلٹ میں ٹشو باکس میں رکھا۔ جہاں سے عملے نے اسے دریافت کر لیا۔
حکام نے چند دنوں میں برجو کو گرفتار کر لیا۔اتنے زیادہ شواہد دیکھ کر برجو نے بھی اعتراف جرم کر لیا۔ اکتوبر 2017 سے ہی برجو جیل میں سزا سننے کا انتظار کر رہا تھا۔ یہ انتظار عمر قید کی سزا سننے پر ختم ہوا۔
انڈیا کے اینٹی ہائی جیکنگ ایکٹ 2016 کے مطابق مجرم کو صرف دو سزائیں، عمر قید یا سزائے موت ہی دی جا سکتی ہے۔اس لحاظ سے عمر قید کی سزا برجو کے لیے مثبت خبر ہے۔برجو کی دوسری بیوی اور خاندان نے اس سزا کو ناانصافی قرار دیا ہے۔
بیوی کوملازمت سے نکلوانے کے لیے ہوائی جہاز ہائی جیک کرنے والے  بھارتی ..

متعلقہ عنوان :