Live Updates

سابق کرکٹرز کی بھارت کے ہاتھوں ورلڈ کپ میچ میں شکست کے بعد قومی کھلاڑیوں پر کڑی تنقید

پیر 17 جون 2019 18:52

سابق کرکٹرز کی بھارت کے ہاتھوں ورلڈ کپ میچ میں شکست کے بعد قومی کھلاڑیوں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست پر قومی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان ٹیم ذہنی طور پر کمزور اور دبائو میں تھی جس کی وجہ سے کھلاڑیوں نے غلطیاں کیں، بھارت کے خلاف میچ میں پانچ بائولرز کے ساتھ جا کر ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، پاکستان کی ورلڈ کپ میں پراگریس کنٹرول میں نہیں ہے، حسن علی کے ذہن میں صرف پی ایس ایل ہے اور وہ دوسرے میچوں پر توجہ نہیں دے رہے، ٹیم میں تسلسل اور ڈسپلن کا فقدان ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اورسوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی ٹیم پر تنقید کرکے تھک چکا ہوں، اب پاکستان کرکٹ ٹیم کا ورلڈکپ میں سفر کافی مشکل ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں پانچ بائولرز کے ساتھ جا کر ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، پانچ بائولرز کا مطلب آپ کم بیٹسمین کے ساتھ جا رہے ہو، فیلڈنگ کے دوران حاضر دماغی بہت ضروری ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میں یہاں پہلے کھیلا ہوں، مجھے معلوم ہے یہاں کی کنڈیشن مختلف ہوتی ہے، کوئی پوچھ لیتا تو بتاتا، اب چار میچز جیت کر بھی معاملات اپنے ہاتھ میں نہیں ہوں گے۔ وسیم اکرم نے پاکستانی ٹیم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گلووز پہن کر کون فیلڈنگ کرتا ہی کیا محلے کی کرکٹ کھیل رہے ہیں امام الحق پٹیاں باندھ کر آ گئے تھے، تھوڑا بہت درد برداشت کرو، عمران خان، جاوید میانداد سب درد پر کنٹرول کرکے کھیلتے تھے۔

انہوں نے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب ورلڈکپ میں پراگریس پاکستان کے کنٹرول میں نہیں ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میںسابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے ورلڈ کپ میچ میں بدترین شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد کے بھارت کے خلاف میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کے فیصلے کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرفرازکی جانب سے بالکل غلط فیصلہ لیا گیا، یہ جانتے ہوئے بھی کہ ہم ہدف کے تعاقب میں کمزور ہیں۔

شعیب اختر نے نہ صرف قومی ٹیم کے کپتان سرفراز کوآڑے ہاتھوں لیا بلکہ فاسٹ بائولر حسن علی کو بھی کھری کھری سناتے ہوئے ان کی بائولنگ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کامیابی کیلئے گراؤنڈ میں کچھ کرکے دکھانا ضروری ہوتا ہے، حسن علی کے ذہن میں بس پی ایس ایل ہے اور وہ دوسرے میچوں پر توجہ نہیں دے رہے ۔ سابق کپتان مصباح الحق نے ٹیم کو ذہنی طور پر کمزور قرار دیدیا۔

ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست پر مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان ٹیم ذہنی طور پر کمزور ہے، میچ کے آغاز سے ہی قومی ٹیم دباؤ میں تھی جس کی وجہ سے کھلاڑیوں نے غلطیاں کیں۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ٹیم میں تسلسل اور ڈسپلن کا فقدان ہے، بھارتی ٹیم پاکستان کے مقابلہ میں ڈسپلن کے ساتھ کھیل رہی ہے، اسی تسلسل کے باعث بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ کی ٹاپ ٹیموں میں شامل ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات