پاکستان اور ایران ثقافت، تاریخ اور ہمسائیگی کے لازوال رشتوں میں بندھے ہیں،اسدقیصر

پاکستان ایران کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے [ پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کو فروغ دے کر موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں، نے ایران کی مجلس شوری کے وفد سے گفتگو

پیر 17 جون 2019 22:01

پاکستان اور ایران ثقافت، تاریخ اور ہمسائیگی کے لازوال رشتوں میں بندھے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہیکہپاکستان اور ایران ثقافت، تاریخ اور ہمسائیگی کے لازوال رشتوں میں بندھے ہیں،پاکستان ایران کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ،پاکستان پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کو فروغ دے کر ایران کے ساتھ موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتاہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ایران کی مجلس شوری کے وفد سے ملاقات میں کیا جنہوں نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پارلیمینٹ ہاوس میںملاقات کی ۔ملاقات میں سیاسی و معاشی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر گفتگو کی گئی ۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔ خطے کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لیے دونوں ہمسایہ ممالک میں قریبی تعاون ضروری ہے۔ پاکستان ایران کے ساتھ تمام سماجی و معاشی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری دونوں برادر اسلامی ممالک میں تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

ایرانی وفد کے سر براہ ڈاکٹر احمد امر آبادی فر اہا نی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ایران خطے میں امن کے لیے پاکستان کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے۔ خطے میں سلامتی ، علاقائی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں قریبی تعاون ضروری ہے۔