بلاول کی شہبازشریف سے ملاقات ، بجٹ منظوری روکنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق

کل جماعتی کانفرنس کیلئے 25 یا 26 جون کی تاریخوں پر غور،مقاصد اور ایجنڈے پر تفصیلی مشاورت کی گئی

منگل 18 جون 2019 23:52

بلاول کی شہبازشریف سے ملاقات ، بجٹ منظوری روکنے کیلئے مشترکہ لائحہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2019ء) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی شہبازشریف سے ملاقات میں بجٹ منظوری روکنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کر لیا گیا کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) کے لئے 25 یا 26 جون کی تاریخوں پر غور کیا گیا اور اس کے مقاصد اور ایجنڈے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) کے لئے 25 یا 26 جون کی تاریخوں پر غور کیا گیا اور اس کے مقاصد اور ایجنڈے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے بجٹ منظوری روکنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا، یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ن لیگ حتمی تاریخ کا فیصلہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے مشاورت کے بعد کرے گی۔ملاقات میں طے کیا گیا کہ 20 جون کو اے پی سی کے ایجنڈے اور بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیل سے نواز شریف کو آگاہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہبازشریف سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی، خواجہ آصف، خورشید شاہ اور راجا پرویز اشرف بھی ملاقات میں شریک تھے۔

واضح رہے کہ عید کے بعد سے جمیعت علمائے اسلام کے رہنما مولانا فضل الرحمان حزب اختلاف کی تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے لیے متحرک ہو چکے ہیں اور مختلف قائدین سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔قومی اسمبلی میں بھی حزب اختلاف مسلسل احتجاج کر رہی ہے جس کے باعث اسپیکر کو ایوان کی کارروائی چلانا مشکل ہو رہا ہے۔حزب اختلاف کے رہنماؤں کا مطالبہ ہے کہ آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں جبکہ اسپیکر کا کہنا ہے کہ یہ بجٹ اجلاس ہے اس لیے بحث کا مرکز بھی میزانیہ ہی ہونا چاہیئے۔