سپریم کورٹ نے سابق آ ئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی توثیق کردی

بدھ 19 جون 2019 19:25

سپریم کورٹ نے سابق آ ئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی ضمانت قبل از گرفتاری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) سپریم کورٹ نے سابق آ ئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی توثیق کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کی جانب سے جاری ان کے وارنٹ گرفتاری ختم کردئیے ہیں۔ بدھ کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پراسیکیوٹر نیب نے پیش ہوکرعدالت کو آگاہ کیاکہ نیب نے سابق آئی جی سندھ کے حوالے سے اپنی تحقیقات مکمل کر نے کے بعد غلام حیدر جمالی کیخلاف ریفرنس دائر کردیا ہے اوراب احتساب عدالت میں ریفرنس کی سماعت چل رہی جس کی سماعت آ ئندہ چند ماہ میں مکمل ہو جائے گی ، اس لئے نیب کو اس مرحلے پر غلام حیدر جمالی کی گرفتاری کی ضرورت نہیں، جس پر سابق آئی جی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کے سامنے موقف اپنایاکہ کانسٹیبلز کی بھرتیوں سے آ ئی جی کا براہ راست کوئی تعلق نہیں ہوتا اورمیرے موکل نے بھرتیوں سے متعلق براہ راست کوئی حکم جاری نہیں کیا تھا، سماعت کے دوران جسٹس یحیٰی آفریدی کاکہناتھاکہ نیب کی وضاحت کے بعد عدالتی حکم کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ کیس اب احتساب عدالت میں ہے ، بعدازاں عدالت نے غلام حیدر جمالی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی توثیق کر تے ہوئے ٹرائل کورٹ کی طرف سے ان کی گرفتاری کیلئے جاری وارنٹ ختم کرتے ہوئے قرارد یا کہ ٹرائل کورٹ نے ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے، جو قانون کے مطابق کوئی بھی مناسب حکم دے سکتی ہے، بعدازاں کیس نمٹادیا گیا۔