پاکپتن، پارکنگ تنازعہ پر وکلا، تاجروں میں تصادم، دو افراد زخمی

بدھ 19 جون 2019 23:28

پاکپتن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) پارکنگ کے تنازعہ پر وکلا اور تاجروں میں تصادم،پتھرائو،ڈنڈوں سوٹوں کا استعمال،ایک وکیل اور تاجر شدید زخمی،وکلاء اور تاجروں کا احتجاج جاری۔عینی شاہدین کے مطابق پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث حالات کشیدہ ہوئے،جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسوگیس کی شیلنگ کی۔

تفصیلات کے مطابق پاکپتن کی تحصیل عارفوالا میں پارکنگ کے تنازعہ پر وکلاء اور تاجروں کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا جس میں ڈنڈوں سوٹوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔تصادم کے نتیجہ میں ایک وکیل اور تاجر شدید زخمی ہوئے۔تصادم کے بعد تاجروں نے وکلاء کے رویہ کے خلاف مین بہاولنگر روڈ بند کر کے ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاج شروع کر دیئے۔

(جاری ہے)

وکلاء نے بھی کچہری کے سامنے ٹریفک کی آمدورفت معطل کر کے نعرے بازی شروع کر دی۔احتجاج کے دوران پتھرائوں اور فائرنگ کا تبادلہ بھی کیا گیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس کی فضاء برقرار ہے۔وکلاء اور تاجروں کے درمیان تصادم تھانہ صدر عارفوالا کے باہر جاری رہا۔پولیس حالات کو کنٹرول کرنے کی بجائے خاموش تماشائی بنی رہی۔عینی شایدین کے مطابق دکان کے باہر پارکنگ کرنے سے منع کرنے پر لڑائی کا آغاز ہوا۔حالات کشیدہ ہونے پر پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی۔