سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ) ن (کے رکن خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے

جمعرات 20 جون 2019 11:51

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نی پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ) ن (کے رکن خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے ہیں، سید خورشید احمد شاہ نے پروڈکشن آرڈرز کے اجراء کی تصدیق کر دی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل شازیہ مری اور خورشید شاہ کو پروڈکشن آرڈر کے حصول کے لیے قومی اسمبلی سیکریٹیریٹ میں کافی دیر انتظار کرنا پڑا تاہم پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پٹیل شازیہ مری خورشید احمد شاہ اور دیگر اراکین قومی اسمبلی نے پروڈکشن آرڈرز کی کاپی حاصل کرلی ہے سید خورشید احمد شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری آج جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یہ پروڈکشن آرڈرزقومی اسمبلی کے بجٹ سیشن کے لئی جاری کیے گئے ہیں اور بجٹ اجلاس 29 جون تک جاری رہے گا۔ بعد ازاں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے پیپلز پارٹی کے کوچیئرمین رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری اور رہنما مسلم لیگ (ن) رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے، پروڈکشن آرڈر قومی اسمبلی میں کارروائی اور طریقہ کار کے قواعد 2007ء کے قاعدہ 108 کے تحت جاری کئے گئے ہیں۔ سید خورشید احمد شاہ کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے بھی پروڈکشن آرڈر کے اجراء کے حوالے سے تصدیق کر دی۔