حریت فورم نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہمیشہ مذاکرات کی حمایت کی ہے ، ترجمان حریت فورم

پیر 24 جون 2019 11:50

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے کہاہے کہ حریت فورم نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہمیشہ سے مذاکرات کی حمایت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت فورم کے ترجمان نے ان خیالات کا اظہار مقبوضہ کشمیر کے گورنر ستیا پال ملک کے حالیہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیاجس میں انہوںنے کہاتھا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ حریت فورم مذاکرات کیلئے تیار ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہاکہ ہمارے میں موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور ہم نے ہمیشہ سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کے حمایت کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری جو اس دیرینہ تنازعے کے بنیادی فریق ہیں گزشتہ 72برس سے حل طلب تنازعہ کشمیر کی وجہ سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور وہ مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں ۔ حریت فورم کے ترجمان نے کہا کہ تمام فریقوںکے درمیان مذاکرات ہی دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کا بہترین پر امن طریقہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حریت فورم ماجی میں بھارت اور پاکستان سے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کر چکی ہے ۔