وفاقی حکومت نے 18ارب روپے مالیت کے گوگیرہ برانچ پر 30ملین گیلن روزانہ کے سرفیس واٹر منصوبہ کی منظوری دیدی،منصوبہ پر عملی کام جلد شروع کر دیا جائے گا

پیر 24 جون 2019 13:21

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) وفاقی حکومت نے 18ارب روپے مالیت کے گوگیرہ برانچ پر 30ملین گیلن روزانہ کے سرفیس واٹر منصوبہ کی منظوری دیدی ہے جبکہ مذکورہ منصوبہ پر عملی کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی فیصل آباد کے منیجنگ ڈائریکٹر فقیر محمد چوہدری نے بتایاکہ فیصل آباد شہر کو 16 زونز میں تقسیم کرکے واٹر سپلائی اور سیوریج کے نظام کی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فرنچ واٹر سپلائی پراجیکٹ کے ذریعے شہریوں کو روزانہ ایک کروڑ گیلن پینے کا صاف پانی فراہم کیاجارہا ہے جبکہ فیز ٹو میں پینے کے معیاری و صاف پانی کی فراہمی کی استعداد اڑھائی کروڑ گیلن روزانہ ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ فرانسیسی حکومت کے تعاون سے اربوں روپے کے منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں جبکہ کروڑوں روپے کے پراجیکٹس تکمیل کے مراحل میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 45 کروڑ روپے کی لاگت سے واسا اور جائیکا جاپان کے اشتراک سے 20 سالہ ماسٹر پلان مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایات کے مطابق واسا کی سروسز کے معیار میں مزید اضافہ کرکے عوامی توقعات کے مطابق بنانے کی بھر پور کوشش جاری رکھی جائے گی۔انہوںنے بتایاکہ آٹھ بازاروں سمیت دیگر شہری علاقوں میں سیوریج کے نظام کو فعال رکھنے اور بارشی پانی کے تیز رفتار اخراج پر خصوصی توجہ د ی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سروسز اور واٹر سپلائی وٹریٹمنٹ پلانٹ کے میگا پراجیکٹس کے حوالے سے واسا فیصل آباد رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے جسے دوسرے شہروں کیلئے قابل تقلید بنایا جائے گا۔ انہوںنے پرائیویٹ واٹر فلٹریشن پلانٹس کا جامع سروے کرنے اور انہیں بھرپور تکنیکی وفنی مہارت فراہم کرنے کا بھی یقین دلایا کیونکہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے وہ واسا کے معاون کار ہیں۔

انہوں نے واٹر سپلائی کے توسیعی منصوبے فیز II اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے بہترین حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خراب اور ناکارہ گاڑیوں و مشینری کو نیلام کرکے نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی تاکہ محکمہ کی ضرورت کو پورا کرنے سمیت واسا کی خدمات کے حوالے سے فیصل آباد کو ماڈل سٹی بنایا جا سکے ۔ انہوںنے کہا کہ واسا شہر یوں کو بہترین سروسز کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلہ میں بھر پور انداز میں انتظامی وترقیاتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :