وزیراعلیٰ کا شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ،انتظامیہ لاعلم

سردار عثمان بزدار نے گلبرگ، منی مارکیٹ، لبرٹی چوک ، برکت مارکیٹ، جیل روڈ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ نے خود گاڑی چلائی

پیر 24 جون 2019 21:20

وزیراعلیٰ کا شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ،انتظامیہ لاعلم
لاہور۔24 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے گزشتہ رات گئے بغیر پروٹوکول شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے خود گاڑی چلائی اور گلبرگ، منی مارکیٹ، لبرٹی چوک ، برکت مارکیٹ، جیل روڈ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے شہر میں صفائی کے انتظامات، سٹریٹ لائٹس اور ٹریفک نظام کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے سروسز ہسپتال کے باہر مریضوں کے لواحقین سے علاج معالجہ اور مسائل کے بارے میں پوچھا اور انہیں مسائل کے جلد از جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی رات گئے آمد پر مریضوں کے لواحقین نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ کے دورے سے انتظامیہ لاعلم رہی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کا خود جائزہ لے کر ان کے حل کیلئے اقدامات کرتا ہوں اور عوام ہی میرا اثاثہ ہیں۔