معاشرہ کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے تمام شعبہ جات اور طبقات کو مشترکہ اور متحرک کاوششیں بروئے کار لانی چاہئیں،

منشیات کے عالمی مسئلہ کا مؤثر حل اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم انصاف فراہم کرنے والے اور صحت و سماجی خدمات کے اداروں کا مربوط نظام بنائیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

منگل 25 جون 2019 20:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرہ کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے تمام شعبہ جات اور طبقات کو مشترکہ اور متحرک کاوششیں بروئے کار لانی چاہئیں، منشیات کے عالمی مسئلہ کا مؤثر حل اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم انصاف فراہم کرنے والے اور صحت و سماجی خدمات کے اداروں کا مربوط نظام بنائیں جو منشیات کے خلاف عالمی قوانین، انسانی حقوق کی ذمہ داریوں اور پائیدار ترقی کے مقاصد کو مد نظر رکھے۔

انہوں نے یہ بات انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) بدھ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا موضوع ’’صحت کیلئے انصاف اور انصاف کیلئے صحت‘‘ ہے ۔ صدر نے کہا کہ منشیات دنیا بھر میں روزانہ کی بنیاد پر ایک چیلنج ہے کیونکہ اس کے انسانی صحت اور فلاح و بہبود پر سنگین اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منشیات کا استعمال قوم کو ہلا کر رکھ دیتا ہے، پاکستان اس کے نقصانات سے بخوبی آگاہ ہے اور ہم اپنے ملک کو اس لعنت سے پاک کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دن کی مناسبت سے منتخب کردہ موضوع اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ انصاف اور صحت ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، منشیات کے اس عالمی مسئلہ کا مؤثر حل اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم انصاف فراہم کرنے والے اور صحت و سماجی خدمات کے اداروں کا مربوط نظام بنائیں جو منشیات کے خلاف عالمی قوانین، انسانی حقوق کی ذمہ داریوں اور پائیدار ترقی کے مقاصد کو مد نظر رکھے۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ اور اس کے استعمال کو روکنا حکومت پاکستان کی ایک اہم ذمہ داری ہے۔ اس ضمن میں کمیونیٹیز کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے جیسا کہ خاندان، سکول، سوسائٹی اور مذہبی ادارے منشیات سے چھٹکارا حاصل کرنے میں مدد کر سکتے ہیں اور میڈیا کو منشیات کی لعنت کے خلاف آگاہی پیدا کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کا مسئلہ معاشرے کے تمام شعبہ جات کی مشترکہ اور متحرک کوششوں کا مرہون منت ہے۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ہم سب کو مل کر اپنے ملک و قوم کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے مربوط کوششیں کرنی چاہئیں اور اپنے اردگرد منشیات سے منسلک لوگوں کی اصلاح کرکے اپنا قومی فریضہ انجام دینا چاہئے۔