کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق کوبنیادی اہمیت حاصل ہے، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

منگل 25 جون 2019 23:03

لاہور۔25 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق کوبنیادی اہمیت حاصل ہے۔ آج ترقی یافتہ ممالک کی نت نئی ایجادات سے دنیا میں جو انقلاب آیا ہے اس کی بڑی وجہ ان ممالک کے تعلیمی اداروں میں تحقیق پر زور دینا ہے۔۔یہی وجہ ہے کہ منہاج یونیورسٹی کے تمام تعلیمی شعبہ جات میں تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق پر خاص توجہ دی جاتی ہے اور کوالٹی آف ریسرچ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا۔

طلبہ میں تعلیم کے ساتھ ساتھ معیاری تحقیق کے فروغ کے لئے یونیورسٹی تمام تر اقدامات کر رہی ہے تا کہ یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ پاکستان کی وسیع ترین مارکیٹ میں اپنا مقام پیدا کر سکیں۔تمام تعلیمی شعبہ جات میں عالمی معیار کی تحقیق کے لئے یونیورسٹی اپنے ہر بجٹ میں خطیر رقم مختص کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرزمنہاج یونیورسٹی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ایم فل ،اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں زیر تعلیم طلباء کے مقالہ جات کی جانچ پڑتال کرنے والی ریسرچ کمیٹی کے ممبران کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں نت نئے چیلنجز اور درپیش مسائل کے حل لیے ’’تحقیق‘‘ کے بغیر کوئی چارہ کار نہیں ہے۔اس لیے مختلف شعبوں میں ضروریا ت کے پیش نظر ’’تحقیق‘‘ کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔ ماضی میںجن مسلمان ممالک نے سائنس اور ٹیکنالوجی میں اوج کمال حاصل کیاوہ زیادہ تراس دور کے مسلمان سائنسدانوں کی اعلی پائے کی تحقیق کا مرہون منت تھا۔

اور آج پاکستان کو معاشی ،اقتصادی اور دفاعی میدان میں مضبوط بنانے کے لئے ہمیں اپنے تعلیمی اداروں میں تحقیق کے معیار کو بلند کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی ریسرچ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی یہی وجہ ہے کہ یہاں ایم فل اور پی ایچ ڈی میں زیر تعلیم طلباء کے مقالہ جات کا نہایت باریک بینی سے جائزہ لیا جاتا ہے تا کہ مقالے میں کوئی سقم نہ رہے۔