پنجاب بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں توانائی کی بچت کیلئے ٹیوب لائٹس کی بجائے انرجی سیورزلگانے کی ہدایت کر دی گئی

جمعہ 28 جون 2019 14:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2019ء)حکومتی پالیسی کی روشنی میں پنجاب بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوںمیں توانائی کی بچت کی غرض سے ٹیوب لائٹس کی بجائے انرجی سیورزلگانے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور تمام اضلاع کے ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ سمیت تمام ہسپتالوںکے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس سے کہا گیا ہے کہ وہ سرکاری ہسپتالوں کی ٹیوب لائٹس ہٹا کر ان کی جگہ فوری طور پر انرجی سیور بلب لگائیں اور اضافی لائٹس کو بھی بندرکھا جائے تاکہ دیگر فنکشنل مشینری کی ورکنگ میں کوئی رکاوٹ درپیش نہ آسکے ۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت فیصل آبادڈویژن کے ذرائع نے بتایاکہ اس سلسلہ میں تمام ہسپتالوں کے انتظامی حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ 31 جولائی تک قابل مرمت مشینری و آلات درست کروا لیں ۔ انہوںنے کہاکہ یکم اگست سے ہسپتالوںکی مشینری اور سٹورز کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے لہٰذا اگر دوران چیکنگ کوئی مشینری خراب یا ڈبہ بند پائی گئی تو ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔