نفسیاتی اور ذہنی معذور افراد پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے،ڈویژنل کمشنر میرپورخاص

جمعہ 5 جولائی 2019 23:36

میرپورخاص۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2019ء) ڈویژنل کمشنر میرپورخاص عبدالوحید شیخ نے کہا ہے کہ نفسیاتی اور ذہنی معذور افراد پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ یہ لوگ بھی معاشرے کا حصہ ہیں اس لئے انتظامیہ کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے نفسیاتی اور ذہنی معذور افراد کی بہتری کیلئے موئثر اقدامات کئے جارہے ہیں اس امر کا اظہار انہوں نے کمشنر کانفرنس ہا ل میں سندھ ہائیکورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرانے کے متعلق صحت،پولیس،پی پی ایچ آئی،سوشل ویلفیئر اور متعلقہ محکموں کے افسران ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا انہوں نے ڈویڑن کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنروں،ایس ایس پیز،ایم ایس،سوشل ویلفیئرافسروں،ماہر نفسیات اور متعلقہ افسران پر مشتمل ضلع سطح پر اسپیشل کمیٹی تشکیل دی جائے جوعوامی مقامات،مزارات،قبرستان اوردیگر مقامات کے دورے کرکے نفسیاتی لوگوں کی نشاندہی کرے گی انہوں نے جیل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ جیل کے اس قسم کے قیدیوں کی فہرست دی جائے اس سے قبل محکمہ صحت کے افسران نے ڈویڑن میں نفسیاتی اور ذہنی معذوری میں مبتلا لوگوں کی تفصیلی آگاہی فراہم کی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مینٹل ایکٹ2013 پر مکمل عمل درآمد کرانے کیلئے حکمت عملی واضع کی جائے دستیاب اور مطلوبہ سہولیات سے بھی آگاہ کیا جائے تاکہ نفسیاتی اور ذہنی معذورافراد کیلئے بہتر حکمت عملی بنائی جائے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سید مہدی علی شاہ،ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم میمن،اے ڈی سی تھرپارکر کبیر شاہ،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر میرپورخاص میرل خان سہتو،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر عبدالغفور تالپور،ریجنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی خلیل احمدسراز،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ میرپورخاص عبدالرزاق بلوچ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔