]جرمنی شام میں زمینی افواج بھیجے، امریکی مطالبہ

اتوار 7 جولائی 2019 19:21

ح*واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2019ء) امریکا نے جرمنی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف لڑائی میں اپنی زمینی افواج تعینات کرے۔ شام کے لیے خصوصی امریکی مندوب جیمز جیفری نے کہا کہ جرمنی کی زمینی افواج کو ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف کرد قیادت میں برسرپیکار سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کی مدد کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جرمن فوج کے عسکری تربیت کار اور تکنیکی ماہرین کو شام بھیجا جانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات جرمن اخبار ویلٹ ام زونٹاگ سے بات چیت میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں وہ جرمن حکومت سے رواں ماہ کے آخر تک جواب کی توقع کر رہے ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ داعش کے خلاف لڑائی میں جرمنی اب تک نگرانی اور لاجسٹکس کے شعبوں میں امریکی اتحاد کو معاونت فراہم کرتا آیا ہے، تاہم اس کی زمینی افواج شام میں تعینات نہیں۔