افغانستان کے شمالی صوبہ بغلان میں بمباری ،ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق ،سربراہ شدید زخمی ہوگیا

منگل 9 جولائی 2019 23:41

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2019ء) افغانستان کے شمالی صوبہ بغلان میں بمباری کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق جبکہ سربراہ شدید زخمی ہوگیا۔ جاں بحق افراد میں خاتون اور بچے شامل ہیں۔ بمباری میں بے گناہ افغان شہریوں کی ہلاکت کے خلاف سینکڑوں مقامی افراد نے کابل سے شمالی صوبوں جانے والی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

افغان میڈیا کے مطابق گزشتہ شب تقریبا ایک بجے صوبہ بغلان کے ضلع ڈنڈے شہاب الدین کے گاؤں قطب خیل میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر نے بمباری کی جس کی زد میں آکر ایک ہی گھرانے کے سات افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گھرانے کا سربراہ شدید زخمی ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جاں بحق افراد میں خاتون اور اس کی دو بچیاں اور چار بچے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مقامی افراد نے منگل کے روز واقعہ پر شدید احتجاج کیا اور احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کابل سے شمالی صوبوں کو جانے والی شاہراہ پر دھرنا دی اور واقعہ کی پرزور مذمت کی۔

ادھر صوبائی گورنر احمد فرید باسم نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ بمباری افغان ایئر فورس نے کی ہے یا غیرملکی فورسز نے کی ہے تاہم مظاہرین نے الزام لگایا ہے کہ گورنر اور پولیس سربراہ کے علم میں لائے بغیر غیرملکی افواج بے گناہ شہریوں پر بمباری کرتی ہے۔ ادھر افغان وزارت دفاع اور داخلہ نے فوری طورپر واقعہ کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔