پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین کو سرسید یونیورسٹی کا نیا وائس چانسلر مقرر کردیا گیا

جمعرات 11 جولائی 2019 22:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2019ء) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ایک اعلامیہ کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین کو سرسید یونیورسٹی کا نیا وائس چانسلر مقرر کردیا گیا ہے۔ نئے وائس چانسلر کا اعلان سرچ کمیٹی کی سفارشات پر کیا گیا جو سابق گورنر سندھ لیفٹینٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر ، حکومت سندھ کی سرچ کمیٹی کے ممبر اور جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر، ہمدرد یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالحنان،اقرائ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی اور سرسید یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر انجینئر کموڈور (ر) سلیم صدیقی جیسے مقتدر اور ممتاز شخصیات پر مشتمل تھی۔

نئے وائس چانسلر کے لیے منعقد کی جانے والی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی ایک نظریاتی ادارہ ہے اورہم فکرِ سرسیدکے علمبردار ہیں جو تعلیم کے ساتھ تربیت کو بھی اتنی ہی اہمیت دیتے تھے اوران کے نظام تعلیم میں رواداری، برداشت، باہمی ہم آہنگی اور کردار سازی کو بنیادی اہمیت حاصل تھی۔

(جاری ہے)

ہ میں چاہئے کہ اپنے محسن کی فکر اور بصیرت سے استفادہ کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی میں شخصیت سازی پر توجہ دیں اور علیگیت کی ترویج کے لیے کام کریں۔ یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر انجینئر کموڈور (ر) سلیم صدیقی کی صلاحیتوں کی تعریف اور خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انجینئر کموڈور سلیم صدیقی نے انتہائی مختصر مدت میں سرسید یونیورسٹی نے کے معاملات کو بڑے خوش اسلوبی سے چلایا اور صرف خانہ پٴْری نہیں کی بلکہ طویل مدت سے تعطل کا شکار انتظامی نوعیت کے معاملات کو منطقی انجام تک پہنچایا۔

کیمپس میں مثبت رویوں کو فروغ دیا۔ وہ نئے وائس چانسلر کے لیے ایک مثال قائم کرکے جارہے ہیں۔ چانسلر جاوید انوار نے نئے وائس چانسلر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ولی الدین ایک قابل اور باصلاحیت شخص ہیں اور مجھے امید ہے کہ ان کی رہنمائی میں ادارہ ترقی کی اعلیٰ منازل طے کرے گا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ جامعات کسی بھی معاشرے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہیں کیونکہ درحقیقت یہ ملک و قوم کا مستقبل تراشنے کی ذمہ دار ہوتی ہیں۔

اگر کسی ملک یا قوم کا مستقبل تاریک ہے تو انھیں اپنے تعلیمی نظام اور کارکردگی پر ناقدانہ نظر ڈالنے اور حقائق کا ادراک کرتے ہوئے اصلاح پر بھرپور توجہ دینے کی سخت ضرورت ہے۔ ادارے کے مفادات پر ذاتی انا کو ترجیح دینا سخت نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ ہماری ترقی ادارے کی ترقی سے منسلک ہے۔ ادارہ ترقی کرے گا تو ہم ترقی کریں گے۔ اس لیے سب کو مل جل کر ایک ٹیم کی شکل میں ادارے کی ترقی اور فروغ کے لیے کام کرنا ہوگا۔

سرسید یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرولی الدین کا کہنا تھا کہ سرسید یونیورسٹی کی ترقی اور بہتری ان کی اولین ترجیح ہوگی اور وہ پوری کوشش کریں گے کہ فیکلٹی اور انتظامیہ کے تعاون سے ایسی اصلاحات متعارف کرائی جائیں جس سے یونیورسٹی اپنا اعلیٰ مقام برقرار رکھ سکے۔ اور اسے بین الاقوامی شہرت حاصل ہو سکے۔ پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین انتظامی امور وتدریس کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

وہ ہمدرد یونیورسٹی میں بطورڈین فیکلٹی ا?ف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور رجسٹرار خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس موقع پر قائم مقام وائس چانسلر انجینئر کموڈور (ر) سلیم صدیقی، رجسٹرار سید سرفراز علی، ڈین انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر طلعت الطاف اور ڈین بیسک اینڈ اپلائیڈ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جاوید حسن رضوی نے بھی خطاب کیا۔