وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ کامیاب دورہء برطانیہ مکمل کرنے کے بعد جمعرات کی شب وطن واپس روانہ ہو گئے

جمعہ 12 جولائی 2019 00:30

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ کامیاب دورہء برطانیہ مکمل کرنے کے بعد جمعرات کی شب وطن واپس روانہ ہو گئے۔ ہیتھرو ائیرپورٹ پر برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس ذکریا اور سفارت خانے کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے دو روزہ دورہء برطانیہ کے دوران برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ کی دعوت پر دولت مشترکہ کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی اور خطاب کیا۔

شاہ محمود قریشی نے آزادیء اظہار رائے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں بطور مہمان مقرر شرکت بھی کی۔ انہوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے منعقدہ تصویری نمائش میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے کامن ویلتھ کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا اور سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے دولت مشترکہ کے اجلاس میں شریک مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں اور تبادلہء خیال کیا۔

اپنے دورہ کے دوران انہوں نے کنگسٹن پیلس میں برطانوی شہزادہ چارلس سے بھی ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کی اور ان کی طرف سے منعقدہ تقریب سے خطاب بھی کیا۔ وزیر خارجہ دورے کے دوران مختلف مواقع پر مقامی اور بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف امور پر پاکستان کا موقف پیش کرتے رہے۔ ان کا یہ مختصر دورہ برطانیہ انتہائی کامیاب رہا ہے۔