سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال نوجوانوں میں ڈپریشن کا باعث بنتا ہے،تحقیق

ڈپریشن سے بچنے کے لیے ضرورری ہے سوشل میڈیا پر گزارے جانے والے وقت میں کمی لائی جائے،رپورٹ

منگل 16 جولائی 2019 13:30

سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال نوجوانوں میں ڈپریشن کا باعث بنتا ہے،تحقیق
ٹورنٹو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کا بہت زیادہ استعمال کرنیوالے نوجوان اپنے دوستوں کا بہترین طرز زندگی کو دیکھ کر ڈپریشن کا شکار ہوجاتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ دعویٰ کینیڈا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔مانٹریال یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ نوجوانی جتنا زیادہ وقت سوشل میڈیا اور ٹیلیویڑن اسکرین کے سامنے گزاریں، اتنی ہی ان میں شدید ڈپریشن کی علامات نظر آئیں گی۔

اس تحقیق کے دوران 12 سے 16 سال کی عمر کی 17 سو سے زائد لڑکیوں اور 2 ہزار سے زائد لڑکوں میں سوشل میڈیا کے استعمال اور ٹیلیویڑن دیکھنے کی عادت کا جائزہ ایک سال تک لیا گیا۔محققین نے دریافت کیا کہ سوشل میڈیا کا بہت زیادہ استعمال کم عمر افراد میں ڈپریشن کی علامات سامنے آنے کا باعث بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

محققین کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا اور ٹیلیویڑن میڈیا کی ایسی اقسام ہیں جن کا نوجوانی میں قدم رکھنے والے افراد کا سامنا موجودہ عہد میں بہت زیادہ ہوتا ہے اور وہ اپنی عمر کے دیگر افراد کی امارات اور جسمانی کسرت کو دیکھ کر احساس کمتری کا شکار ہوجاتے ہیں۔

اس کے نتیجے میں ان میں بتدریج ڈپریشن کی علامات ابھرنے لگتی ہیں اور اس سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ سوشل میڈیا پر گزارے جانے والے وقت میں کمی لائی جائے۔اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جاما پیڈیاٹرکس میں شائع ہوئے۔اس سے قبل رواں سال مئی میں آسٹریلیا کی فلینڈرز یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ڈپریشن اور دیگر ذہنی صھت کے مسائل ایک سے دوسرے بلکہ تیسرے فرد تک پھیل سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :