Live Updates

ایبٹ آباد ، ملکپورہ و ملحقہ علاقوں کیلئے سٹی فیڈر پر باقاعدہ کام کا آغاز کردیاگیا ہے، علی خان جدون

منگل 16 جولائی 2019 16:38

ایبٹ آباد ، ملکپورہ و ملحقہ علاقوں کیلئے سٹی فیڈر پر باقاعدہ کام کا ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی خان جدون نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچارہی ہے۔ایبٹ آباد شہر ، ملکپورہ و ملحقہ علاقوں کیلئے سٹی فیڈر پر باقاعدہ کام کا آغاز کردیاگیا ہے۔وہ گرڈ اسٹیشن مری روڈ ایبٹ آباد میں نواں شہر فیڈر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر خان جدون، ممبران ضلع کونسل اقبال خان ، نبیل خان ، تحصیل کونسلر صداقت خان ، سابق کونسلر فریدون خان ، ایکسیئن واپڈا احمد نواز خان ، لیاقت خان ، چیئرمین واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ایمپلائز یونین جمیل اختر تنولی کے علاوہ معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

علی خان جدون نے کہا کہ اہلیان ایبٹ آباد وزیر اعظم عمران خان وفاقی وزیر توانائی و پیٹرولیم عمر ایوب خان کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے خصوصی دلچسپی لے کر نواں شہر ڈویثرن کے صارفین جو کم وولٹیج اور لوڈ شیڈنگ کا سامنا کر رہے تھے کیلئے نیا فیڈر قائم کیا جس نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کی تاجر برادری ،شہریوں ،یوسی ملکپورہ کیلئے بھی الگ فیڈر پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور بہت کم عرصہ میں شہریوں اور تاجروں کا دیرینہ مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سٹی فیڈر سے بانڈہ جات اور دیگر علاقوں کو الگ کیا جائے گا تاکہ ایبٹ آباد شہر و یوسی ملکپورہ کے عوام کو بجلی کی بہتر سہولیات فراہم کی جاسکے۔

وفاقی وزیر توانائی کے تعاون سے یونین کونسل چمہڈ میں بھی الگ فیڈر کی منظوری ہوچکی ہے جس پر کام کا آغاز بہت جلد کیا جائے گا جس سے سرکل تناول کے 22 دیہاتوں کے مکینوں کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد شہر اور ملحقہ یونین کونسلوں میں سردیوں میں گیس لوڈ شیڈنگ سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے وفاقی وزیر پیٹرولیم نے نئی لائنوں کے بچھانے کی منظوری دیدی ہے اور آئندہ موسم سرما میں نئی لائنیں بچھانے کے بعد گیس لوڈ شیڈنگ کا سامنا نہیں ہو گا انہوں نے کہا کہ عوام نے جو ہم پر اعتماد کیا ہے ہم ان کے مسائل ترجیہی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات