گلیشیئر پگھلنے سے گولن گول اور ملحقہ علاقوں میں ہونے والے نقصان کے ازالہ کے لئے فوری ریلیف کے اقدامات کئے جائیں،مولانا عبدالاکبر چترالی

منگل 16 جولائی 2019 20:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) چترال سے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے گلیشیئر پگھلنے کے نتیجے میں گولن گول اور ملحقہ علاقوں میں ہونے والے نقصان کے ازالہ اور بنیادی اشیاء کی فراہمی کے لئے وفاقی و صوبائی حکومت سے فوری ریلیف کے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ 8 جولائی کو ہونے والے اس واقعہ کی وجہ سے پورا نظام مفلوج ہو چکا ہے، پاور پراجیکٹ کے لئے ڈیم میں بڑے پیمانے پر پتھر جمع ہو گئے ہیں، بجلی کا نظام بھی خراب ہے، آب پاشی اور آب نوشی کے نظاموں پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

علاقے میں سڑکوں اور پلوں کا نام و نشان نہیں ہے۔ آمدورفت سے متعلق بھی مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں علاقہ کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کریں۔ اس وقت چترال ٹائون موری کرغوزہ اور گولن گول میں پینے کے لئے صاف پانی نہیں ہے۔