خیبرپختونخوا کے نئے بلدیاتی نظام میں ضلعی حکومت کا خاتمہ غیر قانونی اقدام ہے، امیر جماعت اسلامی

خیبرپختونخوا جماعت اسلامی اقدا م کے خلاف ہائی کورٹ میں رٹ کریگی، ملک بھر میں تاجر تنظیموں نے ہڑتال کرکے موجودہ حکومت کو اپنا آئینہ دکھایا ،مشتاق احمد خان

منگل 16 جولائی 2019 21:34

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نئے بلدیاتی نظام میں ضلعی حکومت کا خاتمہ غیر قانونی اقدام ہے۔ جماعت اسلامی اس اقدا م کے خلاف ہائی کورٹ میں رٹ کرے گی ۔ ملک بھر میں تاجر تنظیموں نے ہڑتال کرکے موجودہ حکومت کو اپنا آئینہ دکھایا ۔ سٹیٹ بینک رپورٹ نے حکمرانوں کی نااہلی کا پول کھول دیا ۔

حکمرانوں کی غلط پالیسیوں سے مستقبل قریب میں بہتری کی کوئی اُمید نہیں ۔ جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں اپنے جھنڈے ، نشان اور نام کے ساتھ بھرپور حصہ لے گی۔ کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری کرکے گھر گھر جماعت کا دعوت پہنچانے اور نیک و صالح لوگوں کو جماعت میں شامل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

مہنگائی سے عام عوام براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔

وہ یہاں مردان میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لئے منعقدہ منصوبہ بندی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ضلعی امیر مولانا سلطان محمد ، نائب امیر ضلع مولانا ڈاکٹر عطاالرحمان ، سابق صوبائی وزیر فضل ربانی ایڈوکیٹ جنر ل سیکرٹری سعیداختر ایڈوکیٹ ، سابق ممبر صوبائی اسمبلی میاں نادرشاہ ، نائب ناظم تحصیل مردان مشتاق سیماب ، نائب ناظم تحصیل کاٹلنگ عبدالجلال خان ، ڈسٹرکٹ کونسل میں پارلیمانی لیڈر حبیب رسول، سابق نائب ناظم مردان ابراہیم بلند سمیت دیگرمنتخب کونسلرز ناظمین اور جماعت کے ذمہ داران موجود تھے۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ ملک پر مسلط شدہ حکمرانوں کی اکثریت پی پی پی اور پی ایم ایل این کی ہے ان سے خیر کی کوئی توقع نہیں۔ عوام نواز زرداری اور عمران سے تنگ آچکے ہیں۔ اس صورتحال میں متبادل سیاسی قیادت جماعت اسلامی ہے۔ جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں اپنے نشان کے ساتھ حصہ لے گی ۔ پی ٹی آئی حکومت نے بلدیاتی ایکٹ میں غیر قانونی ترامیم کی ہے جماعت اسلامی اس غیر قانونی اقدامات پر چھپ نہیں رہے گی ۔ اسی وجہ سے ہم نے اس ایکٹ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہم حکومت کو فرار کا راستہ نہیں دیں گے۔ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔