صوبے کے عوام کو معاشی خدمات تک رسائی مزید آسان بنانے کی ضرورت ہے،تیمورسلیم جھگڑا

منگل 16 جولائی 2019 22:25

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے حبیب بنک لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایسٹ منیجمنٹ فرید احمد خان نے بدھ کے روز ملاقات کی۔اس موقع پر بنک کے چیف ایگزیکٹو نے وزیر خزانہ کو خیبر پختونخوا کے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے مختلف معاشی شعبوں تک رسائی کے امکانات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

انہوں نے خیبر پختونخوا کی حکومت کی جانب سے صوبے کی اقتصادی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے درمیانے اور چھوٹے پیمانے کے کاروبار کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ضمن میں مختلف عملی تجاویزبھی پیش کیں۔ملاقات کے دوران زیادہ تران شعبوں پر تبادلہ خیال کی گیا جن کو صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر ترقی دینا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ نے آسان شرائط پر چھوٹے پیمانے کے قرضے کی سہولت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انفرادی،نوجوانوں،خواتین تاجروں اور چھوٹے پیمانے پر کاروبار کاآغاز کرنے والے لوگوں کو آسان مواقع فراہم کرنے کے لئے یہ قرضے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں نوجوانوں، خواتین اور باالخصوص ضم اضلاع کے نوجوانوں کو باعزت روزگار اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے صوبائی حکومت نے خاطر خواہ وسائل مختص کئے ہیں،انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں نجی شعبے کی جانب سے صوبے میں روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے تعاون فراہم کرنے اور اقتصادی ترقی میں کردار اداکرنے کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا صوبہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی قیادت میں ترقی کی سمت تیزی سے گامزن ہے جس کی بڑی وجہ وزیر اعلیٰ کی اپنی حکومتی ٹیم کے ساتھ مثالی ذہنی ہم آہنگی ہے۔وزیر خزانہ تیمور سلیم نے حبیب بنک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ان کی ٹیم کو صوبے کے عوام کو معاشی خدمات تک رسائی مزید آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بنک اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی ترجیحات کے مطابق مستقبل کے لئے لائحہ عمل مرتب کرے،انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں انہیں بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :