چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت حکومت زرعی شعبہ کی بہتری کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، سی پیک اتھارٹی

بدھ 17 جولائی 2019 14:08

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت حکومت زرعی شعبہ کی بہتری کے لئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت زراعت کے شعبہ کی بہتری کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ اس حوالے سے چین کے ساتھ زراعت کے شعبہ میں معاہدے ہو چکے ہیں۔ سی پیک اتھارٹی کے حکام کے مطابق پاکستان زراعت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے اور مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے لئے چین کے زرعی شعبہ کی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کی بہتری اور پیداوار میں اضافے کے لئے زراعت کے مختلف شعبوں میں چین کی بڑی زرعی کمپنیوں کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبوں کو شروع کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص لائیو اسٹاک، ماہی گیری، سٹرس، آلو اور چاول کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے وسیع گنجائش موجود ہے۔ زراعت کے بارے میں جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس رواں سال ستمبر میں متوقع ہے اور وزیراعظم کی ہدایت پر چین کے ساتھ زراعت کے شعبہ میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔ چین کے زرعی ماہرین پر مشتمل ایک وفد اس مہینے کی 22 تاریخ کو پاکستان کا دورہ کر رہا ہے جس سے زراعت کے مختلف شعبوں میں مزید پیشرفت ہوگی۔