نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں گیس دھماکا، متعدد لوگ زخمی

جمعہ 19 جولائی 2019 10:35

کرائسٹ چرچ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) نیوزی لینڈ کے رہائشی علاقے میں گیس دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کی ایمرجنسی سروس کے مطابق کرائسٹ چرچ کے علاقے ساؤتھ لینڈ میں واقع گھر میں گیس جمع ہونے کے باعث ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

یہ وہی شہر ہے جہاں پر چار ماہ قبل دو مساجد میں دہشت گرد حملے کے نتیجے میں کم از کم 51 بے گناہ مسلمانوں کو شہید کیا گیا تھا ۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق اس واقعہ میں دہشت گردی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ نیوزی لینڈ کی فائر بریگیڈ سروس کی خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ دن 10:15 بجے ایمرجنسی نمبر پر بڑے پیمانے پر ہونے والے گیس دھماکے کے حوالے سے کال موصول ہوئی جس کے بعد سپیشل کمانڈ یونٹ آگ بجھانے کی چار گاڑیاں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئیں۔ ترجمان کے مطابق واقعے میں متعدد لوگ زخمی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کرا دیا گیا ہے۔