Live Updates

سابق وفاقی وزیر عامر کیانی کی منظر نامے پر پھر سے واپسی، وزیراعظم نے طاقتور ترین عہدے دے نواز دیا

تحریک انصاف کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیاں کر دی گئیں، عامر کیانی کو پارٹی کا سیکرٹری جنرل بنا دیا گیا، وزیراعظم سے منظوری کے بعد نوٹیفیکشن بھی جاری

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 جولائی 2019 20:38

سابق وفاقی وزیر عامر کیانی کی منظر نامے پر پھر سے واپسی، وزیراعظم نے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جولائی2019ء) سابق وفاقی وزیر عامر کیانی کی منظر نامے پر پھر سے واپسی، وزیراعظم نے طاقتور ترین عہدے دے نواز دیا، تحریک انصاف کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیاں کر دی گئیں، عامر کیانی کو پارٹی کا سیکرٹری جنرل بنا دیا گیا، وزیراعظم سے منظوری کے بعد نوٹیفیکشن بھی جاری۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر برائے صحت عامر کیانی کی پاکستان کے سیاسی منظر نامے پر کئی ماہ بعد واپسی ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکمراں جماعت تحریک اںصاف کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد سابق وفاقی وزیر عامر کیانی کو پارٹی کا نیا جنرل سیکرٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔ عامر کیانی پہلے بھی تحریک انصاف کی اہم پوزیشنز پر رہ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ اب انہیں وفاقی کابینہ سے باہر کیے جانے کے بعد پارٹی میں اہم ذمے داری سونپی گئی ہے۔

عامر کیانی اس سے قبل تحریک انصاف کے مالی معاملات کی دیکھ بھال بھی کرتے رہے ہیں۔ عامر کیانی کو 2018 کے انتخابات میں تحریک انصاف کی فتح کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا حصہ بنایا تھا۔ عامر کیانی کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزارت صحت کا قلمدان سونپا گیا تھا۔ تاہم کچھ ماہ قبل وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی تھیں، اور اس دوران عامر کیانی کو ناقص کارکردگی کی بنیاد پر وزارت کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

عامر کیانی پر الزام ہے کہ ان کی وزارت کے دور میں ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا۔ اس وقت کے وفاقی وزیر ادویات کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام رہے تھے۔ جبکہ ان پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ انہوں نے خود فارما کمپنیوں کیساتھ ملی بھگت کرکے انہیں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی اجازت دی۔ ان تمام الزامات کے بعد ہی وزیراعظم نے عامر کیانی سے صحت کی وزارت کا عہدہ واپس لے لیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات