ترکی،تارکین وطن کی گاڑی کو حادثہ، ہلاک افراد میں پاکستانی بھی شامل

جمعہ 19 جولائی 2019 23:39

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) ترکی کے مشرقی علاقے میں تارکین کو وطن کو لے جانے والی گاڑی کھائی میں گرنے سے 16 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ترک حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے تارکین وطن کا تعلق پاکستان افغانستان اور بنگلہ دیش سے تھا۔

(جاری ہے)

ترکی کی سرکاری خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے صوبے وان کے گورنر مہمت امین بینمیز نے بتایا کہ گاڑی کھائی میں گرنے سے 51 افراد زخمی بھی ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق ترکی اور ایران کے سرحد کے قریب صوبے وان کے علاقے اوزالپ میں گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔وان کے گورنر نے ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 51 زخمی افراد میں کچھ کی حالت تشوشناک ہے۔انہوںنے کہاکہ ڈرائیور پہلے بھی تارکین وطن کو اسمگل کرنے کے مقدمے کا سامنا کرنا چکا تھا، مذکورہ حادثے میں اس کی بھی ہلاکت ہوگئی۔