قلات اور خالق آباد کے نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں میں میرٹ اور معیار کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا، میر ضیاء اللہ لانگو

جمعہ 19 جولائی 2019 23:56

کوئٹہ۔ 19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) صوبائی وزیر داخلہ پی ڈی ایم اے و قبائلی امور میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ قلات اور خالق آباد کے نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں میں میرٹ اور معیار کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا نا ختم ہونے والا جال بچائیں گے اور جاری ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔

ترقیاتی فنڈز اور منصوبوں پر عوام کا حق ہے، قلات اور خالق آباد میں رہنے والوں کے رہن سہن اور معمولات زندگی میں ترقیاتی کاموں کی وجہ سے جلد نمایاں فرق دیکھنے میں آئے گا۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کے لیے سب سے زیادہ اہمیت کا حامل انکے حلقہ انتخاب کی عوام اور عوامی نوعیت کے اسکیمات ہیں جس میں صحت، تعلم، آمد و رفت کیلئے بنیادی ڈھانچہ کی فراہمی، پینے کیلئے صاف پانی کی دستیابی اور نوجوانوں کے کھیل اور آگے بڑھنے کے لیے مواقع فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ خالق آباد اور قلات کے تمام ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا- قلات اور خالق آباد کے کونے کونے میں لوگوں کو ترقیاتی کاموں کے ذریعے سہولیات اور آسانیاں فراہم کریں گی- قلات اور خالق آباد کی عوام کے خدمت کا جذبہ اور عزم کے ساتھ کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں- لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات کے حل کے لیے صوبائی پی ایس ڈی پی 20-2019 میں قلات خالق آباد کے نوجوانوں، خواتین، بچوں اور طلباء کے ضروریات اور ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے اہم ترقیاتی اسکیم رکھے گئے ہیں۔