تجارتی مراکز سے گاڑیاں چوری کرنے والا ملزم گرفتار

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) پشاور پولیس نے شہر کے معروف تجارتی مرکزکارخانو مارکیٹ سے قیمتی گاڑی چوری کر نے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران گاڑیاں چوری کرنے کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جس کی نشاندہی پر اس کے قبضہ سے مسروقہ کیری ڈبہ برآمد کر لیا گیا،ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران اس سے مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مدعی سہیل احمد ولد محمد زمان سکنہ پلوسی حال نوشہرہ نے تھانہ حیات آبادپولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بیان کیا کہ کسی نامعلوم ملزم نے کارخانو مارکیٹ سے اس کی گاڑی کو چوری کر لیا ہے جس کی رپورٹ پر نا معلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا،ایس پی کینٹ محمد اشفاق نے تجارتی مرکزسے گاڑی چوری کرنے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی حیات آباد نجم الحسنین کو واردات میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد ٹریس کرکے گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا، اے ایس پی کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ حیات آباد ظہور خان اور تفتیشی عملہ پر مشتمل خصوصی ٹیم نے دن رات جدید سائینسی خطوط پر انتھک محنت کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کیساتھ ساتھ ان کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے جس کے دوران واردات میں ملوث اصل ملزم تک رسائی حاصل کرکے گزشتہ روز کامیاب کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کرلیا، جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران گاڑیاں چوری کرنے کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جس کی نشاندہی پر مسروقہ کیری ڈبہ نمبر 1347برآمد کر لیا گیا،ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران اس سے مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔