نئے پاکستان کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی

ماحولیاتی آلودگی انتہائی سنگین مسئلہ ہے ،سر سبز اور صاف پاکستان کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،سرسبز تحریک کے عنوان سے منعقد تقریب سے خطاب

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:25

نئے پاکستان کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،صدرمملکت ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2019ء) صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ماحولیاتی آلودگی انتہائی سنگین مسئلہ ہے ،سر سبز اور صاف پاکستان کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،سرسبز ماحول انسان کی فطرت میں شامل ہے، نظام قدرت میں ہر ایک چیز کی اپنی اہمیت اور حیثیت ہے۔

۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کوکراچی میںتحریکِ تعمیرقوم کی جانب سے ’’سرسبز تحریک‘‘کے عنوان سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ ہم نے گزشتہ چند دہائیوں میں اپنے قدرتی ماحول کو بری طرح تباہ کیا ہے۔ہم نے درختوں کو کاٹا،جنگلوں کو ختم کیا اور سمندر کو گندے پانی سے آلودہ کیااور اب اسے واپس سر سبز دیکھنے کے لئے ہم بیتاب ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی انتہائی حد تک بڑہ گئی ہے، اس پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے، اس کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے کو انہیں کامیاب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔صدر مملکت نے کہا کہ امید افضا بات یہ ہے کہ موجودہ حکومت شروع دن سے اس بات کو. انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے اور 10 بلین درخت لگانے کے منصوبے کا اعلان کیاگیا ہے , جس کو نا صرف حکومتی سطح پر آگے بڑھایا جا رہا ہے بلکہ نجی ادارے اور عوام بھی اس مقصد میں شامل ہوگئے ہیں جو ایک خوش آئند بات ہے۔

ڈاکٹرعارف علوی نے زور دیا کہ میڈیا بشمول سوشل میڈیاپانی کے ضیاع،گندگی،آلودگی اور ماحولیاتی تباہ کاریوں کو بھی اپنا موضوع بنائے اور عوام کو شعور اور آگاہی دے۔انہوں نے کہا کہ کے سماجی تبدیلی کے لئے مساجد اور مدارس میں بھی بات ہونی چاہیے۔علماء اپنے خطبوں میں ان مسائل پر عوام کو آگاہ کریں۔تقریب سے تحریکِ تعمیرقوم کے بانی عرف اللہ حسینی اور پروفیسر سلیم مغل نے بھی خطاب کیا۔